میک اے وش کے لاعلاج بچے کی ملالہ یوسف زئی سے ملاقات

میک اے وش کے لاعلاج بچے کی ملالہ یوسف زئی سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی( پ ر)میک اے وش فاؤنڈیشن پاکستان کے لاعلاج بچے انور اللہ خان نے گزشتہ روز نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے برمنگھم میں اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ملالہ کی فیملی کے افراد، میک اے وش فاؤنڈیشن پاکستان کے بانی صدر اشتیاق بیگ، میک اے وش برطانیہ کے عہدیداران اور عالمی میڈیا کے نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔ 3 گھنٹے سے زائد رہنے والی ملاقات میں ملالہ یوسف زئی نے لاعلاج بچے اور دیگر مہمانوں کو اپنے ہاتھوں سے چائے بناکر پیش کی۔ بعد ازاں بچے اور مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد لاعلاج بچے نے ملالہ کے ساتھ کھیل اور دیگر تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اپنی خواہش کی تکمیل پر انور اللہ خان کی خوشی قابل دید تھی۔ اس موقع پر لاعلاج بچے نے ملالہ یوسف زئی کو اپنے لئے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج اُس کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش پوری ہوگئی ہے جس پر میں میک اے وش فاؤنڈیشن کے بانی صدر اشتیاق بیگ کا انتہائی مشکور ہوں جنہوں نے میری خواہش کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔ ملاقات کے اختتام پر ملالہ یوسف زئی نے اپنی جانب سے لاعلاج بچے کو تحفے تحائف پیش کئے اور بچے کی صحت یابی کیلئے دعائیں کیں۔ واضح ہو کہ پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا 17 سالہ انور اللہ خان نے کچھ عرصے قبل میک اے وش پاکستان سے ملالہ یوسف زئی سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی جس کے بارے میں ادارے نے ملالہ یوسف زئی کو آگاہ کیا جنہوں نے بچے کی خواہش پوری کرنے اور اس کے ساتھ کچھ وقت گزارنے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔