اے آئی جی کی زیر صدارت اجلاس،امن و امان کی صورت حال پر غور

اے آئی جی کی زیر صدارت اجلاس،امن و امان کی صورت حال پر غور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس پیر سینٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز کراچی سمیت ایس ایس پیز انویسٹی گیشنز کراچی و دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی ۔دوران اجلاس ایڈیشنل آئی جی کراچی نے چہلم حضرت امام حسین ،کراچی کے بلدیاتی الیکشن سیکیورٹی اقدامات سمیت جملہ مقدمات کی متعلقہ عدالتوں میں پراسیکیوشنز و دیگر تفصیلات کا کیس ٹو کیس جائزہ لیا اور مزید ضروری احکامات دیئے۔اس موقع پر انہوں نے کراچی میں جاری آپریشن کے تحت پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزمان کے علاوہ پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے گرفتار اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کیئے جانیوالے ملزمان اور ان پر درج مقدمات کی تفصیلات کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایات دیں کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو نہ صرف اعتماد میں لیا جائے بلکہ ضابطہ اخلاق پر انکے دستخط کے عمل کو بھی ممکن بنایا جائے تاکہ پرامن شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو ہر سطح پر یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ اور امن وامان کے حالات پر مکمل کنٹرول پولیس کے بنیادی فرائض کا حصہ ہیں لہذا پولیس جرائم کے خلاف اختیار کردہ حکمت عملی اور لائحہ عمل کو موثر اور مربوط بناتے ہوئے علاقوں میں پیٹرولنگ پکٹنگ اسنیپ چیکنگ انٹیلی جینس کلیکشن ریکی نگرانی و دیگر اقدامات کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنائیں۔