زرداری کے پیراعجاز شاہ کی دعائیں رنگ لے آئیں ، عدالت موجودگی پر ہرکوئی حیران

زرداری کے پیراعجاز شاہ کی دعائیں رنگ لے آئیں ، عدالت موجودگی پر ہرکوئی حیران
زرداری کے پیراعجاز شاہ کی دعائیں رنگ لے آئیں ، عدالت موجودگی پر ہرکوئی حیران

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدرزرداری کے پیر اعجازشاہ کی دعائیں رنگ لے آئیں اوراُن کے مرید یعنی آصف علی زرداری مزید دومقدمات سے بری ہوگئے ہیں جبکہ صرف اثاثہ جات سے متعلق ایک مقدمہ باقی ہے ۔
سابق صدرآصف علی زرداری کیخلاف مقدمات کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی ، اس موقع پر سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ کے نائیک کے ہمراہ ان کے پیر ، پیراعجاز شاہ بھی عدالت میں پیش ہوئے جہاں اپنے مرید کیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔
عدالت نے نوازشریف کے دوسرے دورحکومت میں بنائے جانیوالے مزید دومقدمات سے آصف زرداری کو بری کردیا جبکہ اُن کے پیر نے پہلے ہی کہہ دیاتھاکہ زرداری بری ہوجائیں گے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ زرداری کے دورصدارت میں بھی پیراعجاز شاہ زیادہ وقت ایوان صدر میں ہی رہتے رہے ہیں اور زرداری بھی ان کے مشوروں پر عمل کرتے رہے ۔ فاروق ایچ نائیک کی میڈیا سے گفتگوکے موقع پر بھی پیراعجاز شاہ موجود رہے اوراُن کے ہونٹ مسلسل حرکت کرتے رہے ۔ پیراعجاز شاہ اور زرداری کی قربت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لیکن وکیل کے ہمراہ عدالت موجودگی پر ہرکوئی حیران رہ گیا۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ اصل دستاویزات کے بغیر ملزم کو سزانہیں دی جاسکتی، آصف زرداری پہلے ہی تین ریفرنسز ارسس ٹریکٹر ، اے آر وائی گولڈ اور پولوگراؤنڈ ریفرنس میں بری ہو چکے ہیں جبکہ اب بھی آصف زرداری کے خلاف راولپنڈی کی احتساب عدالت میں اثاثہ جات ریفرنس زیر سماعت ہے۔ عدالت نے ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز کا مختصر فیصلہ سنایا ہے تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا عدالتی فیصلہ سنائے جانے کے وقت آصف زرداری کے وکیل سینیٹرفاروق ایچ نائیک نیب پراسیکیوٹر چوہدری ریاض اور آصف زرداری کے پیر اعجاز شاہ بھی عدالت میں موجود تھے۔آصف علی زرداری کے خلاف یہ کیسز 1997میں بنائے گئے تھے، آصف زرداری ان کیسز میں آٹھ سال جیل میں بھی رہے جبکہ پرویز مشرف کے این آراو جاری کرنے پر یہ مقدمات ختم کر دیئے گئے تھے تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے این آر او کو کالعدم قرار دینے پر یہ مقدمات بحال کر دیئے گئے تھے جبکہ آصف زرداری کے شریک ملزمان پہلے ہی ان مقدمات میں بری ہو چکے ہیں فاروق ایچ نائیک نے درخواست موقف اختیار کیا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف کوئی ثبوت نہیں اور نہ ہی نیب کے پاس ان کیسز کی مصدقہ دستاویزات ہیں نیب کے تفتیشی افسر نے بھی بیان دیا تھا کہ انہوں نے ان کیسز کی اصل دستاویز ات نہیں دیکھیں، فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ ان ریفرنس کی اصل دستاویزات دستیاب نہیں لہذا ان ریفرنسز میں کارروائی کو مزید آگے نہیں بڑھایا جاسکتا ،عدالت نے نیب کو کارروائی کے دوران باربار موقع دیا کہ وہ ان ریفرنسز کی اصل دستاویزات عدالت میں پیش کریں تاہم نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ان کے پاس بھی اصل دستاویزات موجود نہیں ہیں، عدالت نے دونوں ریفرنسز میں بریت کی درخواست منظور کر لی اور آصف زرداری کو دونوں ریفرنسز میں باعزت بری کر دیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے باعزت بری ہونے پر میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں یہ چھوٹے مقدمات 1997میں سیف الرحمٰن اور دوسرے لوگوں نے بنائے تھے، ان کو ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز کہتے تھے الزام یہ لگایا گیا کہ پری شپمنٹ کمپنی ایس جی ایس کو ٹھیکہ دینے پر کک بیک اور کمیشن لیا گیا، آصف زرداری بینظیر بھٹو اور دیگر نے کمیشن لیا آج 18سال بعد مقدمات ختم ہوئے ہیں، آصف زرداری کو باعزت بری کر دیا گیا ہے انہوں نے آٹھ سال جیل کاٹی جو جیل کاٹی وہ وقت کون لائے گا جنہوں نے مقدمہ کیا میں اس سے یہ سوال کرتا ہوں جھوٹے مقدمات کرنے کا کیا فائدہ ہوا ،آج سچ کی فتح ہو ئی ہے آج انصاف ، قانون اور آئین کی فتح ہوئی ہے، ہم جج صاحب کے بھی شکر گزار ہیں انہوں نے انصاف پر مبنی فیصلہ دیا ،کوئی ایسا کا غذ نہیں تھا جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ آصف زرداری نے کوئی کمیشن لی ہے۔ آصف علی زرداری نے بڑی بہادری سے آٹھ سال جیل کاٹی بے نظیر بھٹو جلا وطن رہیں ،آصف زرداری اپنے بچوں کو نہیں مل سکے وہ وقت کون لائے گا ،یہ سوال ایک دن سیف الرحمن سے کیا جائے گا اور قیامت کے دن ضرور ان سے سوال کریں گے کہ آپ نے جھوٹے مقدمات بنائے، ایک باپ کو اپنے بچوں سے دور رکھا ایک شوہر کو اپنی بیوی سے دور رکھا، ایک بیوی کو اپنے شوہر سے دور رکھا اس کا حساب دینا ہوگا ،باقی مقدمہ ہم اﷲ تعالیٰ کی عدالت میں چھوڑ دیتے ہیں ہم کسی سے بدلا نہیں لینا چاہتے کسی سے ہمیں گلہ شکوہ نہیں، اﷲ تعالیٰ کی عدالت میں مقدمہ چھوڑ دیتے ہیں۔

فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ اب تک آصف علی زرداری چھ ریفرنسز میں بری ہو چکے ہیں ایک ریفرنس اثاثہ جات سے متعلق رہ گیا ہے وہ چل رہا ہے امید ہے اﷲ تعالیٰ اس میں بھی فتح دے گا میں نے تو معاملہ اﷲ پر چھو ڑاہے کہ آصف زرداری کا بہت بڑا دل ہے ان پر بے شمار مقدمات بنائے گئے انہوں نے کبھی کسی سے انتقام نہیں لیا اور ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی یہی بات کرتے ہیں بے نظیر بھٹو بھی یہی بات کرتی تھیں کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے۔آصف علی زرداری بدلا لینے کے قائل نہیں وہ ہمیشہ لوگوں کو معاف کردیتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ سوئٹرز لینڈ میں بھی مقدمہ ختم ہو چکا ہے۔

مزید :

راولپنڈی -