آرمی چیف کا برازیلی فوج کے ہیڈکوارٹرز کو دورہ،شاندار استقبال،19توپوں کی سلامی
برازیلیا (مانیٹرنگ ڈیسک ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے برازیل کی مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تو وہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنرپیش کیا گیا اور 19 توپوں کی سلامی دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا برازیل کی فوج کے ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر شانداز استقبال کیا گیا۔ برازیلی فوج کے چاق و چوبند دستے نے جنرل راحیل شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور 19 توپوں کی سلامی دی گئی اس کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے برازیل کی فوج کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مسلح افواج کے پیشہ وارانہ امور اور سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ دونوں سربراہوں نے افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس سے پہلے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے برازیل کے وزیر دفاع سے ملاقات کی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہی تربیت اور تجربات کے تعاون کے معاہدے موجود ہیں۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ہم برازیل کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ جنرل راحیل شریف نے برازیل کے وزیر دفاع کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ وزارت دفاع میں برازیل کے ڈیفنس منسٹر ایلڈو ریبلو نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔