ذاتی حکومت نہیں پاکستان کے بارے میں سوچنا ہے،اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کررہے ہیں ،نوازشریف

ذاتی حکومت نہیں پاکستان کے بارے میں سوچنا ہے،اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست ...

جھنگ (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم نوازشریف نے جھنگ میں کسان پیکج سے متعلقہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں آپ کو چھوڑا نہیں بلکہ آپ کے ساتھ کھڑا ہوں،مشکل میں کسی کا ساتھ نہیں چھوڑتا ۔حکومت پاکستان 341ارب روپے کا کسان پیکج دے رہیہے  جو آج تک کسی حکومت نے نہیں دیا۔کپاس ،چاول اور دیگر اجناس کی قیمتیں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کم ہوئیں تو  کسانوں کو ہونے والے نقصانات پر دکھ ہوا  اس لیئے کسان پیکج لانے کا فیصلہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمدردی نعروں اور محض زبانی نہیں بلکہ کچھ کرنے سے ہوتی ہے ۔جن علاقوں میں زلزلہ آیا وہاں امداد کرنے اور حوصلہ دینے میں دیر نہیں کی بلکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ،گورنر کے پی کے او ردیگر حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد فوری طور پرامدادی کاموں اور امدادی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی اور ان پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں زلزلہ آیا مشکلات آئیں وہاں وہاں گیا اور جانی و مالی مشکلات کاشکار ہونے والوں کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا فرض سمجھتے ہوئے سب کی مدد کی کوشش کی ،فرائض کی ادائیگی میں کسی کو نہیں بھولے اس لیئے وہاں سے یہاں چلا  آیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاست کا انداز بدل دیا ہے ،ہماری سیاست اب خدمت میں بدل چکی ہے ۔ ہم اقتدار کی نہیں اقدار  کی سیاست کررہے ہیں ۔ہم نے تمام صوبوں میں کامیاب ہونے والی جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کیا اور انہیں حکومت بنانے کی پیشکش کی ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی خدمات کا سلسلہ پنجاب تک محدود نہیں رکھا ہے بلکہ سندھ ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں اپنی خدمات  جاری رکھی ہوئی ہے ۔کسی مخصوص صوبے یا کسی جماعت کی پروا نہیں کی بلکہ عوام کا مفاد دیکھنا ہے ۔ذاتی حکومت نہیں پاکستان کے بارے میں سوچنا ہے ۔انہوں نے کہا میری دعا ہے کہ اللہ پاک سب کو خوشحال کرے اور سب بچے سکول جائیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں اپنی ٹیم ، وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا اس پیکج کی تیاری میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ کچھ لوگ آپ سے ہمدردی کا دعویٰ کرتے ہیں جبکہ کسانوں کے حقوق کے دعویداروں نے اس پیکج کو رکوانے کی کوشش کی حتیٰ کہ اسے عدالتوں میں لے جا کر پابندی کا شکار کرنے کی کوشش کی لیکن ہم ہائی کورٹ گئے اور اب پورے زورشور سے اس پیکج پر عملدرآمد ہو رہا ہے ۔سیکڑوں یا ہزاروں نہیں 12لاکھ 77ہزار کسانوں میں امددی رقوم تقسیم کررہے ہیں۔گنے کی قیمت ایک سو اسی روپے فی من کی ادائیگی یقینی بنائے جانے ککا فیصلہ کیا ہے ۔تمام صوبائی حکومتیں اس ہدایت کو یقینی بنانے کیلئے شکایتی مراکز بھی قائم کریں تاکہ قیمتوں کی مکمل ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ نے پچھلے 15سال سے ملک میں اذیت کا سامان کیا ہوا تھا لیکن اب لوڈ شیڈنگ کم ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں تو ہم نے اس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کیلئے پاکستان میں بھی قیمتوں میں کمی کی ۔ ہم بجلی کے اربوں روپے کے منصوبے بنا رہے ہیں جہاں نہ صر ف بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کو یقینی بنایاجا رہا ہے بلکہ قیمتوں میں کمی کی بھی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایمانداری اور شفافیت کو یقینی بنایااور کمیشن اور کک بیکس کا خاتمہ کیا تو اربوں روپے کی بچت ہوئی جو کہ پاکستانی تاریخ میں پہلی بارہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کسان سولر ٹیوب ویل بنائیں جس کیلئے حکومت انہیں بلا سود قرضے جاری کرے گی ۔

مزید : قومی /اہم خبریں

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...