ارکان اسمبلی ،وزراء کی تنخواہوں میں اضافہ سے قوم مایوس ہوئی،عبدالعلیم خان

ارکان اسمبلی ،وزراء کی تنخواہوں میں اضافہ سے قوم مایوس ہوئی،عبدالعلیم خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء اور اراکین قومی اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے فیصلے سے ساری قوم مایوس ہوئی ہے غریب عوام کے ٹیکسوں سے پرتعیش زندگی گزارنے والوں کو خدا کا خوف کرنا چاہیے بہتر ہوتا کہ وزیر اعظم دوبارہ اپنوں میں ریوڑیاں بانٹنے کی بجائے غریب عوام کی فکر کرتے عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری ہو رہی ہے حکومتی ایلیٹ کلب کو یہ قدم نہیں اٹھانا چاہیے تھا ،قوم سکتے کے عالم میں ہے جبکہ واضح ہو گیا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کی کتنی فکر ہے ؟ عبدالعلیم خان نے کہا کہ قومی تاریخ میں بدترین قرضوں کے بوجھ تلے دبی ریاست کو مزید مالی نقصان پہنچانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے پہلے ہی لاکھوں روپے لینے کے باوجود مزید اضافہ کرنے والے اراکین اسمبلی سے عوام سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ انہوں نے گذشتہ ساڑھے 3برسوں میں کونسا ایسا تیر مارا ہے کہ ان کی مراعات میں مزید اضافہ کیا جائے عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ موجود ہ حکومت کی تمام پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں ،انہیں غریب آدمی کو مونگ پھلی کا دانہ دے کر خود بوریاں ہڑپ کرنا زیب نہیں دیتا ۔دریں اثناء ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر عالمی برادری کی توجہ اس اہم مسئلے پر مبذول کروائے ۔