توثیق شدہ جوہری معاہدے پر دوبارہ بات چیت ممکن نہیں،ایران
تہران(این این آئی)ایران کے نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے پر مزید گفت و شنید نہیں ہو گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان کا یہ بیان ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں سامنے آیا ۔ایک انٹرویومیں ایران کے نائب وزیر خارجہ ماجد روانچی کے مطابق طے شدہ جوہری معاہدے پر از سرِ نو بات چیت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے واضح طور پر کہاکہ ایران جوہری مذاکرات دوبارہ سے شروع نہیں کرے گا، روانچی نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے کی تمام شرائط طے ہو چکی ہیں اور ان میں اب کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی، نہ ہی اب اس پر مزید کوئی بات چیت ممکن ہے۔ روانچی کے بقول بین الاقوامی سطح پر توثیق شدہ کسی بھی معاہدے کی پاسداری تمام فریقین پر لازم ہوتی ہے۔اس معاہدے کی رو سے ایران پْر امن مقاصد کے لیے اپنی جوہری سرگرمیاں جاری رکھ سکتا ہے تاہم جوہری ہتھیار بنانے پر پابندی ہو گی۔ بدلے میں مغربی ممالک نے تہران حکومت پر عائد اقتصادی پابندیوں میں نرمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تہران حکومت کے ساتھ اس معاہدے کے مذاکرات میں پانچ عالمی طاقتیں اور جرمنی شامل تھے۔