جنرل راحیل کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں الوداعی تقریب نواز شریف سے ون آن ون ملاقات بھی ہوگی ،نئے آرمی چیف کا اعلان متوقع

جنرل راحیل کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں الوداعی تقریب نواز شریف سے ون آن ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف آج وزیراعظم ہاؤس میں ون آن ون ملاقات کریں گے۔اطلاعات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں آج آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو عہدے سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے الوداعیہ دیا جائے گا جبکہ آرمی چیف وزیراعظم نوازشریف سے ون آن ون ملاقات بھی کریں گے۔ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم نوازشریف ملاقات کے دوران جنرل راحیل شریف سے نئے آرمی چیف کے تقرری کے حوالے سے مشاور ت بھی کریں گے۔واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف 28نومبر کو عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں اور انہوں نے الوداعی ملاقاتوں کاسلسلہ بھی شروع کر دیا ہے اور راحیل شریف نے اسی سلسلے میں گزشتہ روز کراچی کور اور رینجرز ہیڈ کواٹر کا دورہ بھی کیا،اطلاعات کے مطابق وزیراعظم 25نومبر کو غیر ملکی دورے پر جا رہے ہیں اس لئے جنرل راحیل شریف سے مشاورت کے بعد وزیراعظم آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کسی بھی وقت نئے آرمی چیف کا اعلان کر سکتے ہیں۔دوسری طرف سیکریٹری وزارت دفاع کی جانب سے نئی عسکری قیادت کے تقرر کیلئے سمری وزیراعظم نواز شریف کو بھجوا دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کے تقرر کیلئے سفارش کردہ ناموں کی فہرست کی سمری وزیر اعظم کو بھجوا دی گئی ہے۔بھجوائی گئی سمری میں لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے ، لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم ،لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات ، لیفٹیننٹ جنرل قمرجاوید باجوہ کے نام شامل ہیں۔

مزید : صفحہ اول