یو ای ٹی چیپٹرکی کامیابی کے 10سال مکمل، ’ایرومینیا16‘کے نام سے پہلی جیٹ نمائش

یو ای ٹی چیپٹرکی کامیابی کے 10سال مکمل، ’ایرومینیا16‘کے نام سے پہلی جیٹ نمائش

لاہور(خبرنگار) امریکن سوسائٹی آف مکینیکل انجینئرز(اے ایس ایم ای) یو ای ٹی چیپٹرنے اپنے کامیابی کے 10سال مکمل ہونے پر ’ایرومینیا16‘کے نام سے پہلی جیٹ نمائش یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے ڈیپارٹمنٹ آف مکینیکل انجینئرنگ میں منعقد کی۔ڈین فیکلٹی آف مکینیکل یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد مفتی، چیئر مین شعبہ مکینیکل ڈاکٹرپروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر نے صدراے ایس ایم ای یو ای ٹی لاہورحیدر لطیف کے ہمراہ نمائش افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے انجنیئرز شعبہ مکنیکل انجینئرنگ کے فروغ کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ مکینیکل انجینئرز صنعتوں میں آٹو موٹیو، آیرو سپیس اور دیگر آلات کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اسی طرح قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ملک میں مکینیکل انقلاب لایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبے کو بہتر بنانے کے لئے جدید تکنیکی صلاحیتوں کی ضرورت ہے۔ اس لئے نوجوان نسل کو جدید رجحانات کو اپنانا چاہئے۔

انہوں نے اے ایس ایم ای کے کردار کو سراہا جو آرٹس، سائنس اور بین الشعبہ ہونے والی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار نبھا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے پروگرام مستقبل میں بھی ہوں گے تاکہ خود اعتمادی کے علاوہ انڈسٹری کے ساتھ بھی روابط قائم ہو سکیں۔ نمائش میں 57کے قریب اڑنے ولی مشینوں اور جہازوں کے ماڈل رکھے گئے جو سب فضا میں اڑنے ی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ واضح رہے 10سال مکمل ہونے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا اور مختلف اداروں کے طلبہ نے نمائش کا دورہ بھی کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4