سنگین مقدمات میں کسی بھی ملزم کو ثبوت کے بغیر گرفتار نہ کیا جائے:مشتاق احمد سکھیرا

سنگین مقدمات میں کسی بھی ملزم کو ثبوت کے بغیر گرفتار نہ کیا جائے:مشتاق احمد ...

لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ سنگین مقدمات میں کسی بھی ملزم کو بغیر ثبوت کے ہر گز گرفتار نہ کیا جائے ،صرف شک کی بنیاد پر کسی بے گناہ کوگرفتار کرناانصاف کے اصولوں کے منافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکل افسران تھانوں کے سرپرائز وزٹ کریں اور اپنے ماتحتوں کو احساس اپنائیت دیتے ہوئے ان سے روزانہ کی بنیاد پر ڈیوٹی اور کارکردگی کے بارے میں معلومات لیتے رہیں اور ان کی فلاح وبہبود کا خاص طور پر خیال رکھیں کیونکہ فورس کی ویلفیئر کا خیال کئے بغیر ان سے مطلوبہ نتائج کا حصول کسی بھی طرح ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن 74افسران کو انسپکٹر سے ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے وہ ان کی کارکردگی اور سنیارٹی کے ساتھ ساتھ میرٹ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں لہذا اب یہ آپ سب کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ جس طرح آپ کو میرٹ پر ترقی ملی ہے اسی طرح آپ بھی ہر کام میرٹ پر کریں خاص طور پر مظلوموں اور بے یار و مددگار افراد جن کی کوئی سفارش نہ ہو ان کے مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر کریں کیونکہ جس کی کوئی سفارش نہ ہواسے اللہ نے آپ کے پاس بھجوایا ہے اور اللہ کے بھجوائے ہوئے کی داد رسی نہ کرنا ظلم کے مترادف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹرسے ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران سے غیر رسمی ملاقات کے دوران مبارکباد اور فرائض کی بجا آوری کے حوالے سے مختلف ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے افسران کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ پروموشن بورڈز کے اجلاسوں میں کسی صورت تاخیر نہ کی جائے اور انشا ء اللہ ڈی ایس پی سے ایس پی کی پروموشن کا بورڈکا اجلاس بھی اگلے ڈیڑھ ہفتے میں ہو جائے گا جبکہ اے سی آر مکمل نہ ہونے پر جو افسران اس مرتبہ ترقی حاصل نہیں کر پائے وہ جلد اپنی اے سی آر مکمل کروائیں ان کی ترقی کے لئے اگلے بورڈ کا اجلاس 25دسمبر سے قبل ہو گا۔ آئی جی پنجاب نے ڈی ایس پی صاحبان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ پولیس میں ویلفیئر کے قوانین میں واضح تبدیلیاں کی گئی ہیں اور اس میں پولیس اہلکارو ں کے لئے گذارہ الاؤنس، جہیز فنڈ، سکالر شپس سمیت مختلف ویلفیئر پیکجز میں واضح اضافہ کیا گیا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ ویلفیئر پیکج دنیا کے کسی بھی ادارے کے ویلفیئر پیکج سے بہت بہتر نہیں تو اس سے کم بھی نہیں ہے۔

مزید : علاقائی