ننکانہ :ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق،3خواتین سمیت 6افراد زخمی

ننکانہ :ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق،3خواتین سمیت 6افراد زخمی

ننکانہ صاحب (نمائندہ خصوصی )ٹریفک کے مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین خواتین سمیت چھ افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ شاہکوٹ روڈ پر واقع گاؤں میرپور سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل ٹرک کو اوورٹیک کرتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی گنے سے لدی ہوئی ٹریکٹر ٹرالی کے ساتھ ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر سوار 32سالہ امتیاز احمد اور 20سالہ اعجاز خاں شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 32سالہ امتیاز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقعہ پر ہی دم توڑ گیا جبکہ زخمی اعجاز خاں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب منتقل کردیا گیا ہے علاوہ ازیں گاؤں چک وٹواں سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کتے کے ساتھ ٹکراجانے سے 45سالہ منیراں بی بی اور 25سالہ محمد عثمان شدید زخمی ہوگئے۔ لکڑ منڈی شاہکوٹ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل پر سوار 18سالہ خدیجہ اچانک چکر آجانے کے باعث نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئی ، برکت پلازہ شاہکوٹ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے 55سالہ راہگیر خاتون سکینہ بی بی شدید زخمی ہوگئی تمام زخمیوں کو ریسکیو1122 ننکانہ صاحب کے عملہ نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔

مزید : علاقائی