70 لاکھ یوٹیلٹی بل کے نادہندہ ملزم کی ضمانت ،رہائی کا حکم

70 لاکھ یوٹیلٹی بل کے نادہندہ ملزم کی ضمانت ،رہائی کا حکم

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے 70 لاکھ روپے کے بجلی بل نادہندہ ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے 5لاکھ کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔مسٹر جسٹس مرزا وقاص رؤف کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ملزم شیخ عارف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے شیخ عارف کو بجلی کے بل کے واجبات کی عدم ادائیگی کے الزامات کے تحت گرفتار کر رکھا ہے جبکہ 70 لاکھ روپے کے بجلی بل کا تنازع لیسکو کے پاس زیر التواء ہے ، انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ لیسکو کی جانب سے اوور بلنگ کے خلاف ملزم نے سول عدالت سے بھی رجوع کر رکھا ہے اور نیب کو سول معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں ہے ،ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے، نیب کے سپیشل پراسکیوٹر شاہد منہاس نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے بجلی کا 70لاکھ روپے کا بل ادا نہ کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے اور نیب نے ملزم کو قانون کے مطابق گرفتار کیا ہے ،ضمانت کی درخواست خارج کی جائے، عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے اور ریکارڈ کی جانچ کرنے کے بعد ملزم شیخ عارف کو 5لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دے دیاہے۔

مزید : صفحہ آخر