دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے وفاقی تعلیمی اداروں میں مشقوں کا آغاز
اسلام آباد (آن لائن)دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے وفاقی تعلیمی اداروں میں مشقوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اسلام آباد کے ایف سیون ماڈل کالج سے مشقوں کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں کے ممکنہ حملوں سے بچاؤ کی غرض سے تعلیمی اداروں میں مشقوں کا باقاعدہ آغاز بدھ کے روز اسلام آباد میں ایف سیون ماڈل کالج سے ہوا ۔ مشقوں میں دہشتگردی کے حوالے سے فل ریہرسل کی گئی جس میں پولیس، رینجرز، بم ڈسپوزل سکواڈ، میڈیکل اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مصنوعی دہشتگرد بنا کر فورسز نے ان پر قابو پانے کا طریقہ کار بھی طلباء کو سکھایا۔ میڈیا نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ریہرسل کی گئی جس میں عملی طور پر دہشتگردی پر قابو پانے کے طریقے سکھائیں گے۔ ریہرسل کا مقصد بچوں میں خود اعتمادی اور ہمت پیدا کرنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز سکولوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کر رہے ہیں تاہم بچوں کو تربیت دے کر تعلیمی اداروں پر دہشتگردوں کے حملوں سے بچاؤ اور ان کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرنا ہے۔