صدر سے آذر بائیجان کے نائب وزیر اعظم کی ملاقات ،مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل دینے پر اتفاق

صدر سے آذر بائیجان کے نائب وزیر اعظم کی ملاقات ،مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین اور آذربائیجان کے اوّل نائب وزیر اعظم یعقوب ایوبووو کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل دینے کا یہ بہترین وقت ہے۔ یہ اتفاق رائے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سامنے آیا۔اس موقع پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب ایوبووونے اپنے ملک کے صدر الہام علییوکا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ترکی اور رومانیہ کے بعد آذربائیجان کو تسلیم کرنے والا تیسرا ملک تھا۔انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخ، ثقافت، روایات، عقیدے اور اقدار کے مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔صدر مملکت نے یہ بات کراچی میں آئیڈیاز 2016 ء میں شرکت کے لیے آنے والے آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب ایوبووو سے کی جس میں آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت یاور جمالوو، سفیر علی علیزادہ اور پاکستان کی طرف سے دفاعی پیدوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، سیکریٹری دفاع جنرل (ر) سید محمد اویس اور وزارت خارجہ کے سپیشل سیکریٹری محمد وحید الحسن بھی شامل تھے۔صدر مملکت نے اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات میں مزید اضافہ پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ دوطرفہ تعلقات کو کثیر الجہتی تعلقات میں تبدیل کیا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خطے میں مختلف امور پر آذربائیجان اور پاکستان کے اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او سمیت علاقائی اور کثیر جہتی فورم میں تعاون کے تمام مسائل پر ہمارے خیالات مشترک ہیں۔ صدر مملکت نے خواہش کا اظہار کیا کہ فروری2017 ء میں آذربائیجان کے صدر الہام علییو اور خاتوں اول آذربائیجان مہربان علییو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ صدر مملکت نے جموں وکشمیر کے تنازع پر آزربائجان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے نگورنو کاراباخ کے معاملے پر آذربائیجان کی موقف کی حمایت کرتا رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور نگورنو کاراباخ کے مسائل افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں۔ صدر مملکت نے اطمینا ن کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے دفاعی تعاون میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ آذربائیجان کے اوّل نائب وزیر اعظم یعقوب ایوبووونے اس موقع پر پاکستان کی دفاعی مصنوعات کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کی یہ مصنوعات عالمی معیار کے مطابق ہیں اور اس شعبے میں پاکستان کی مہارت سے ہم متاثر ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے خواہش مند ہیں۔
صدر