ورکرز کنونشن قومی وحدت کا مظہر ثابت ہوگا ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ

ورکرز کنونشن قومی وحدت کا مظہر ثابت ہوگا ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے تحت ہفتہ ، اتوار 26اور 27نومبر کو با غ جناح میں ہونے والے سندھ ورکرز کنونشن کے سلسلے میں کراچی سمیت پورے سندھ میں بڑے پیمانے پر علمائے کرام ، تاجر برادری ، اساتذہ، طلبہ اور زندگی کے مختلف شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطوں کاسلسلہ جاری ہے ۔ جماعت اسلامی سندھ کے سکریٹری ممتاز سہتو ، جماعت اسلامی سکھر امیر حزب اللہ جھکڑو، حیدرآبادکے امیر حافظ رانا طاہر مجید ، کی قیادت میں جماعت اسلامی کے متعدد وفود نے رابطے کیے گئے جبکہ ورکرز کنونشن میں خواتین کی شرکت کے لیے حلقہ خواتین کے تحت بھی کراچی سمیت پورے سندھ میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ دریں اثناء جماعت اسلامی سندھ کے امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے باغ جناح کا دورہ کیا اور ورکرز کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ رہنماؤں نے انتظامات میں مصروف کارکنوں اور ذمہ داراں سے ملاقات کی ،انہیں ہدایات دیں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا اور اس کی تحسین کرتے ہوئے ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ اس وقت پورے ملک کی جو صورتحال ہے اس پر ہر درد مند دل مضطرب اور پریشان ہے ۔ ایک طرف ملک بد امنی ، افراتفری کا شکار ہے ، عوام غربت ۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے عذاب میں مبتلا ہیں تو دوسری جانب بھارت مسلسل کنٹرول لائن کے خلاف ورزی کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں کو خاک و خون میں نہلادیا ہے، پاک چین اقتصادی راہ داری دشمن کی آگ میں کھٹک رہی ہے اور ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کراس باڈر فائرنگ کر کے حالات کشیدہ کیے جارہے ہیں ۔ ان حالات میں جماعت اسلامی سندھ نے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا ہے ۔ اس کنونشن کے تحت قوم کو امید اور روشنی کا پیغام دیا جائے گا۔ورکرز کنونشن قومی یکجہتی ، یگانگت ، باہمی اخوت اور ہم آہنگی کا مظہر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس عظیم الشان اجتماع کو کراچی اور سندھ کا تاریخی اجتماع بنائیں گے ۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ورکرزکنونشن کو بھرپور اورتاریخی بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد کا آغاز کریں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر