داعش سے تعلق رکھنے والے ملزم کے مقدمات کاچالان آئندہ تاریخ پیشی پر جمع کرانیکا حکم
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)اغواء برائے تاوان اور داعش نامی تنظیم کے تعلق رکھنے والے ملزم کے مقدمات کا چالان آئندہ تاریخ پیشی تک جمع کرانے کا حکم دے دیا گیا جبکہ ملزم کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کے بعد رہائی کیلئے روبکار جاری کر دی گئی، گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے تھانہ صدر اٹک میں درج اغواء برائے تاوان کے مقدمہ میں ملوث ملزمان محمد اسحاق وغیرہ کیس کی سماعت شروع کی تو بتایا گیا کہ مقدمہ میں ایک ملزم کا چالان جمع نہیں کرایا گیا جس پر عدالت نے احکامات دیئے کہ آئندہ تاریخ پیشی 5دسمبر کوچالان جمع کرایا جائے اور سماعت ملتوی کر دی، تھانہ سی ٹی ڈی میں درج داعش نامی تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزم محمد اسماعیل کیس کی سماعت شروع کی تو چالان جمع نہیں ہوا تھا جس پر عدالت نے چالان جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ ملزم کی درخواست ضمانت منظور ہونے کے بعد ضمانتی مچلکے داخل کرادیئے عدالت نے ملزم کی رہائی کیلئے روبکار جاری کر دی۔