پاناما لیکس ،وزیر اعظم اور ان کا خاندان بد عنوانی میں ملوث ہے :اسد قیصر

پاناما لیکس ،وزیر اعظم اور ان کا خاندان بد عنوانی میں ملوث ہے :اسد قیصر

پشاور( سٹاف رپورٹر)پانامالیکس میں قطری شہزادے کا خط وزیر اعظم کے دوغلے پن اورپارلیمنٹ کے فلور پر ان کی تقریر اور ان کے بچوں کے بیانات میں مکمل تضاد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وزیر اعظم اور ان کا خاندان بدعنوانی میں ملوث ہیں اوراب وقت آگیاہے کہ ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے گی اور ملوث افراد کو سزا ہوگی۔ان خیالات کااظہار سپیکر خیبر پختونخوااسمبلی اسدقیصر نے مانچسٹر میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ نوازشریف پانامالیکس پر مزید ڈرامہ بازی نہ کریں اور بیرون ملک بنائے گئے اثاثہ جات اورمنتقل کی ہوئی دولت کے ذرائع قوم کے سامنے پیش کریں۔سپیکر نے کہاکہ CPECپر ریپبلک آف چائنہ کے سفیر کو صوبائی حکومت کے تحفظات و خدشات اور صوبائی حکومت کی پوزیشن کو خط کے ذریعے واضح کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی یکجہتی اور ترقی سی پیک کے منصوبے کو اس کی اصل رو کے ساتھ لاگو کرنے میں پوشیدہ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پی ایم ایل این کی لیڈرشپ سی پیک منصوبے سے صرف پنجاب کو نوازنے میں لگے ہوئے ہیں جبکہ دیگر صوبوں کو ان کے جائز حق سے محروم رکھنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ وسطی ایشیاء کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے جسے پاکستان کے تمام صوبوں میں اپنی اصل ڈرائنگ کے مطابق پایہ تکمیل پہنچایا جائے انہوں نے کہاکہ CPECپرخیبر پختونخواکی صوبائی حکومت نے صوبے کے حقوق کیلئے عدالت سے رجوع کر کے قانونی راستہ اختیار کیا ہے اور اگر صوبے کو اس کا جائز حق اور مغربی روٹ پر اصل نقشے کے مطابق تمام سہولیات کی فراہمی میں کوئی ہیر پھیر کی گئی تو خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت آخری حد تک جانے سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔ اسد قیصر نے کہا کہ وفاقی حکومت سی پیک منصوبے پر چھوٹے صوبوں کے خدشات دور کرنے کی بجائے مزید بڑھارہی ہے ۔ انہوں نے ملک کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے اپیل کی کہ پاکستان کے مستقبل کو تابناک بنانے میں وہ اپنا بھرپورکردار اداکر کے قومی فریضہ نبھائے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر