اڑی واقعے پر الزام تراشیوں کے بعد ہم نے تیاریاں مکمل کرلی تھیں, بھارت کے ہتھکنڈوں سے دباو میں آنے والے نہیں:ایئر چیف مارشل
کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہاہے کہ بھارتی عزائم سے واقف ہیں اور حد سے تجاوز کرنے والوں کو پکڑنا جانتے ہیں، اڑی واقعہ پر الزام تراشیوں کے بعد ہم نے تیاریاں مکمل کرلیں تھیں، ہم بھارت کے ہتھکنڈوں سے دباو میں آنے والے نہیں۔
میڈیا رپوٹس کے مطابق آئیدیاز 2016 نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ ملک میں طیارہ سازی کی صنعت مضبوط ہورہی ہے، دوست ممالک کی مسلح افواج سے باہمی تعلقات مضبوط بنارہے ہیں۔ترکی کے ساتھ طیاروں کی فراہمی کا معاہدہ ہوگیا ہے، نائیجیریا اور قطر کیلئے سپر مشاق طیارے تیارکررہے ہیں۔
سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ ہماری نظریں سپر مشاق اور جے ایف تھنڈر سے آگے کی طرف ہیں، نائیجریا اور قطر کے ساتھ معاہدہ ہوا اور اب ان کے جہاز پاکستان میں تیار ہو رہے ہیں، ایوی ایشن ریسرچ کرکے اس انڈسٹری کو ترقی دیں گے اور موجودہ حالات بھی اسی بات کے متقاضی ہیں کہ کسی اور پر انحصار کرنے کے بجائے خود کفیل ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سہیل امان نے کہا کہ بھارت کو حد سے زیادہ تجاوز کرنے پرسخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہمیں اپنے دوست اور مسلم ممالک کے ساتھ مزید تعلقات استوار کرنا ہونگے۔ضرب عضب مکمل جنگ ہے اس پر کسی کو بھی شک نہیں ہونا چاہئے۔