سپورٹس راؤنڈ اپ 

سپورٹس راؤنڈ اپ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ایشین فٹبال کنفیڈریشن کا پاکستان فٹبال فیڈریشن کے شفاف انتخابات کرانے پر زور 
پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے عہدیداران نے ملائیشیا میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے عہدیداران سے ملاقات کی اور پاکستان میں فٹبال کے معاملات اور کمیٹی کے اہداف پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ حمزہ خان اور کمیٹی کے رکن کرنل مجاہد ترین نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن(اے ایف سی) کے سیکریٹری جنرل داتو ونڈسر جون اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔نارملائزیشن کمیٹی کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اے ایف سی نے کمیٹی پر اعتماد کااظہار کیا۔  حمزہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی اے ایف سی عہدیداران سے مختلف امور پر بات چیت ہوئی، اے ایف سی نے پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے حوالے سے پلانز سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔اے ایف سی سیکریٹری جنرل نے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کو دو بنیادی نکات پر کام کرنے پر زورد یا، جس میں  پہلا پی ایف ایف کے شفاف انتخابات اور دوسرا پاکستان کی انٹرنیشنل فٹبال مقابلوں میں باقائدگی سے شرکت ہے۔ حمزہ خان نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی اپنے مینڈیٹ کے مطابق تمام کام بخوبی انجام دے گی۔واضح رہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان میں کھیل کے معاملات کو حل کرنے کے لیے رواں سال ستمبر میں نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کیا تھا جس کا چیئرمین  کراچی یونائیٹڈ فٹبال کلب کے سابق کپتان حمزہ خان کو مقرر کیا گیا تھا۔فیفا کے مطابق کمیٹی کا کام پاکستان فٹبال فیڈریشن میں کلبز کی رجسٹریشن اور اسکروٹنی کرانا، الیکشن کے قوانین ترتیب دینا، پہلے ڈسٹرکٹ پھر صوبائی سطح پر الیکشن کروانا اور اس کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات کرانا ہے۔یہ تمام کام کراتے ہی کمیٹی تحلیل ہوجائے گی، اسے یہ تمام کام کرنے کیلئے 25 جون 2020 تک کا وقت دیا گیا ہے۔ 
                                                 ساؤتھ ایشین گیمز کا کیمپ شروع نہ ہوسکا،
پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کیمپ تو شروع نہ ہوسکا البتہ ریسلر انعام بٹ نے گوجرانوالہ ہی میں ساتھ ایشین گیمز کی تیاریاں شروع کردیں۔انعام بٹ کا کہنا ہے کہ وہ اس ایونٹ میں پاکستان کیلئے ایک اور گولڈ میڈل اپنے نام کریں گے۔ساتھ ایشین گیمز یکم دسمبر سے نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں ہوں گے، ایونٹ میں پاکستان کو مختلف کھیلوں میں شرکت کرنا ہے لیکن پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے باضابطہ کیمپس اب تک شروع نہ ہوسکے۔اس کے باوجود ریسلر انعام بٹ اپنا وقت ضائع نہیں کررہے اور گوجرانوالہ میں ہی ٹریننگ شروع کردی ہے۔انعام بٹ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس وقت کم ہے اور گیمز میں مقابلہ سخت اس لیے وہ جس قدر ہوسکے تیاریاں کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ساتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انعام بٹ نے 2016 میں انڈیا کے شہر گوہاٹی میں ہونے والے ایونٹ میں میزبان ملک کے گوپال یادو کو ہراکر گولڈ میڈل جیتا تھا۔انعام بٹ کا کہنا ہے کہ ساتھ ایشین گیمز میں بھارت اور افغانستان کے ریسلرز سے سخت مقابلے کی توقع ہے۔قومی ریسلر نے بتایا کہ ساتھ ایشین گیمز کیلئے باضابطہ کیمپ کا کچھ نہیں معلوم اس لیے گوجرانوالہ میں ہی تیاریاں شروع کردیں ہیں، صبح اکھاڑے اور شام میں جم میں ٹریننگ کرتا ہوں۔


قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کا ابتدائی راؤنڈ کل سے شروع ہوگا


بارہویں قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کا ابتدائی رانڈ اگلے کل سے ملک کے مختلف شہروں میں شروع ہوگا۔ایونٹ میں 24 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی جس کے بعد 8ٹاپ ٹیمیں فائنل رانڈ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ رانڈ میں 24ٹیمیں 7گروپس میں تقسیم کی گئی ہیں، مقابلے 25 نومبر سے پانچ دسمبر کے درمیان کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ہوں گے۔24ٹیموں کو سات گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ تھری میں پانچ ٹیمیں شامل ہیں، گروپ سیون میں چار جبکہ باقی پانچ گروپس میں تین تین ٹیمیں شامل کی گئی ہیں۔ہر گروپ سے ایک ایک جبکہ گروپ تھری سے دو ٹیمیں اگلے ماہ ہونے والے مین رانڈ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔گروپ ون میں جافا ویمن فٹبال کلب، کراچی ویمن فٹبال کلب، نسیم حمید ویمن فٹبال کلب، گروپ ٹو میں ویا ویمن فٹبال کلب، بلوچستان، فٹبال اسکول آف ایکسلینس، گروپ تھری میں سی ڈی ایس ایس ویمن کلب، محسن گیلانی ویمن فٹبال کلب، کراچی ککرز ویمن فٹبال کلب، کراچی یونائیٹیڈ ویمن فٹبال کلب اور سندھ کی ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ فور میں واپڈا، سی جے ایم سیالکوٹ، ینگ رائزنگ اسٹارز لیہ۔ گروپ فائیو میں پنجاب، ماڈل ٹان ویمن فٹبال کلب، ایچ ای سی، گروپ سکس میں ینگ رائزنگ اسٹارز راولپنڈی، اسلام آباد، گلگت بلتستان جبکہ گروپ سیون میں آرمی، فرنٹیئر ویمن فٹبال کلب، کے پی ٹی اور ہاکس ویمن فٹبال کلب کی ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ ون، ٹو اور تھری کی ٹیمیں کراچی، فور اور فائیو کی ٹیمیں لاہور جبکہ سکس اور سیون کی ٹیمیں اسلام آباد میں میچز کھیلیں گی۔پی ایف ایف کے مطابق پہلے رانڈ کے اختتام پر دوسرے رانڈ کے وینیوز اور ڈراز کا اعلان کیا جائے گا۔


دورانِ فائٹ ریسلر نے ریفری کے منہ پر کک مارکر جبڑا توڑ دیا
اسپینش جزیرے ٹینیرائف میں فائٹ کے دوران ایک ریسلر نے ریفری کے منہ پر کک مارکر جبڑا توڑ دیا۔مقامی فرسٹ ڈویژن آئی لینڈ سائیڈز کے درمیان فائٹس کی ایک سیریز کے دوران ایک ریسلر نے ریفری کے منہ پر کک مارکر جبڑا توڑ دیا۔فائٹ کے دوران ریسلرز ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے، ریفری اینجل میلیان نے انھیں چھڑوانا چاہا تو ریسلر روبین روڈریگوئز چھلانگ لگاکر اٹھے اور اپنا پاں ریفری کی تھوڑی پر رسید کردیا جس سے ان کا چشمہ اڑ کر دور جاگرا، انھیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں پر جبڑا ٹوٹنے کی تصدیق ہوئی، باقی مقابلہ اسسٹنٹ ریفری نے مکمل کرایا۔
محمد وسیم نے میکسیکو کے باکسر کو دھول چٹادی
دبئی میں ہونے والی دلچسپ و سننی خیز فائٹ آٹھ راونڈ تک جاری رہی، محمد وسیم نے ہر راونڈ میں شاندار مکہ بازی کا مظاہرہ کیا اور حریف باکسر کو سنبھلنے نہ دیا۔محمد وسیم نے شاندار کامیابی کو پاکستانیوں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللّٰہ دو مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن میکسیکن باکسر کو ہراکر آج میں نے اپنی دسویں فائٹ جیتی ہے۔انہوں نے ملک کا نام ایک بار پھر پوری دنیا میں روشن کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر پاکستانی نڑاد برطانوی باکسر عامر خان اپنی اہلیہ فریال مخدوم کے ساتھ موجود تھے۔محمد وسیم کی پروفیشنل کیریئر کی یہ گیارہویں فائٹ تھی، جس میں سے وہ دس فائٹ اْن کے نام رہیں، انہوں نے سات بار حریفوں کوناک آوٹ کیا۔پاکستانی باکسر محمد وسیم نے رواں سال ستمبر میں ہونے والی فائٹ میں فلپائن کے باکسر کونراڈو تانامور کو صرف 62 سکنڈز میں ناک آوٹ کیا تھا


                                                              قومی کھیل ہاکی کے کھلاڑی پیسوں سے محروم
قومی کھیل ہاکی کے کھلاڑی پیسوں اور مراعات کیلیے ترستے رہے، لیکن ایم اے شاہ اصلاح الدین اکیڈمی کو پانچ سال پہلے ملنے والی کروڑوں روپے کی گرانٹ میں سے ایک پائی بھی کھلاڑیوں پر خرچ نہ ہوسکی۔
سندھ کے محکمہ کھیل نے اکیڈمی کو گرانٹ کے دو کروڑ روپے بمعہ سود لوٹانے کے لیے لیٹر جاری کر دیا، اکیڈمی کے چیئرمین اولمپئن اصلاح الدین پیسے واپس کرنے کو تیار ہیں اور کھلاڑی منہ تکتے رہ گئے۔کراچی میں قائم محمد علی شاہ اینڈ اصلاح الدین اکیڈمی کیلئے محکمہ کھیل نے 2014 میں دو کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی تھی۔رواں سال سیکریٹری اسپورٹس امتیاز علی شاہ نے اکیڈمی کے چیئرمین کو خط لکھ کر گرانٹ کا حساب مانگا تو اکیڈمی کے چیئرمین اولمپئن اصلاح الدین نے موقف اختیار کیا کہ پیسہ خرچ نہیں ہوا تو حساب کیسا دیں؟، تمام رقم سیونگ اکاونٹ میں جمع ہے اور دو کروڑ روپے کی گرانٹ بڑھ کر پونے تین کروڑ ہو گئی ہے۔سیکریٹری اسپورٹس کی جانب سے ایک اور خط جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اکیڈمی سود سمیت پیسے واپس کرے۔


چوتھی قومی یوتھ اینڈ جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ کل شروع ہو گی 
پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیراہتمام چوتھی قومی یوتھ اینڈ جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ کل سے پنجاب سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگی۔ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل  (ر) محمد اکرم ساہی نے بتایاکہ چیمپئن شپ کی تیاریاں روز وشور پر ہیں اور چیمپئن شپ ملک بھر سے 14 ٹیموں کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں پاک آرمی، ایئر فورس،  نیوی، واپڈا، ریلوے،  پولیس، ہائرایجوکیشن کمیشن، پنجاب،  سندھ، بلوچستان،  خیبر پختونخوا، آزادجموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر نے بتایاکہ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے اپنے اپنے علاقوں میں تربیتی کیمپ جاری ہیں۔

مزید :

ایڈیشن 1 -