ظفر عباس کے لئے اعزاز
پاکستان کے موقر انگریزی روزنامے ”ڈان“ کے ایڈیٹر ظفر عباس کو آزادیء صحافت کے لئے ان کی غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں گیون ایفل (GWEN IFILL) پریس فریڈم ایوارڈ برائے 2019ء نیویارک کی ایک باوقار تقریب میں پیش کیا گیا۔ ”کمیٹی تو پروٹیکٹ جرنلسٹس“ نے کچھ عرصہ پہلے یہ اعزاز ان کے نام کیا تھا۔ ظفر عباس پاکستانی صحافت کا ایک معتبر نام ہیں۔ انہوں نے کئی سالوں کے محیط کیرئیر میں اپنی معروضی رپورٹنگ کے حوالے سے نام کمایا، مصائب جھیلے، دھمکیوں کا سامنا کیا، دباؤ برداشت کئے، لیکن اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی نہیں کی۔ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران روزنامہ ”ڈان“ ان کے زیر ادارت بڑی ثابت قدمی سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کے ایڈیٹر اور انتظامیہ نے مل کر حالات کا مقابلہ کیا ہے۔ ظفر عباس کا اعزاز روزنامہ ”ڈان“ کے ساتھ ساتھ پوری قومی صحافت کا اعزاز ہے کہ:
ایسی چنگاری بھی یا رب اپنی خاکستر میں ہے