تاجر برادری کو سی پیک کونسل میں نمائندگی دی جائے، حاجی حنیف
لاہور(کامرس ڈیسک)شاہ عالم مارکیٹس بورڈ کے صدر حاجی محمد حنیف نے سی پیک اقتصادی زونز پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سی پیک بزنس کونسل کی تشکیل کا خیرمقدم کیا ہے اور سی پیک کونسل اور اتھارٹی میں چیمبر آف کامرس اور نجی شعبے کو بھی نمائندگی دینے کی اپیل کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ عالم مارکیٹس بورڈ کے تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایاکہ معاشی نمو سست روی کا شکار ہے۔خصوصی اقتصادی زونز میں چینی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں، ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت ووکیشنل ٹریننگ کی استعداد کار بڑھائی جائے، ہنرمند افراد کی تربیت کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ تربیتی مراکز کھولے جائیں۔ صنعتی تعاون کے ذریعے تجارتی توازن قائم کیا جاسکتا ہے، مصنوعات کی نئی مارکیٹوں تک رسائی اور ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے جامع پالیسی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل سے صنعت ترقی کرے گی اور سرمایا کاری میں اضافہ ہو گا۔ سی پیک روٹ پر صنعتی زونز اور کولڈ سٹوریج ہاوئسز کی تعمیر کے لیے تاجر برادری سے تجاویز لی جائیں۔ ٹیکسوں کی شرح اور کاروباری لاگت میں کمی لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔