اسلامی فلاحی مملکت پاکستان اور فکر اقبال ؒ

اسلامی فلاحی مملکت پاکستان اور فکر اقبال ؒ
 اسلامی فلاحی مملکت پاکستان اور فکر اقبال ؒ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گزشتہ سالوں کی طرح اس مرتبہ بھی 9 نومبر کو یوم اقبالؒؒ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس موقع پر اقبالؒ اکادمی پاکستان نے گریٹر اقبال پارک لاہور میں ایک عوامی میلے کا انتظام بھی کیاتھا۔ یہ میلہ 9 نومبر سے 17 نومبرتک نو روز جاری رہا جس میں علامہ اقبالؒؒ پر لکھی گئی اور خود علامہ کی کتب پر مبنی عظیم الشان بک فیئر کا بھی انعقاد کیا گیا۔ میلے میں شریک بچوں، بڑوں، خواتین غرض ہر طبقے کیلئے دلچسپی کے انتظامات کئے گئے جن میں مختلف روایتی کھانوں کے سٹالز، خواتین کیلئے ہینڈی کرافٹس، بوتیک وغیرہ کے سٹالز کے ساتھ ساتھ بچوں کیلئے جھولے، کھلونے اور دوسرے پسندیدہ مشاغل بھی تھے۔


اسی سلسلے میں گزشتہ روز اقبال اکیڈمی کے زیراہتمام ایوان اقبال میں ریاست مدینہ، مملکت پاکستان اور فکر اقبالؒ کے عنوان پر سیمینار منعقد ہوا، جس کے مہمان خصوصی صدر اسلامی جموریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تھے۔ انہوں نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علامہ اقبالؒ نے جس سوچ پر پاکستان کو قائم کیا وہ نظریہ آج بھی زندہ ہے۔ دو قومی نظریہ نے آج ثابت کردیا کہ وہ وقت کی ضرورت تھا۔علامہ اقبالؒ نے امت مسلمہ کے لئے جو خواب دیکھا اس کی تعمیر پچھلے سال سے نظر آرہی ہے۔ ہم جدید اسلامی فلاحی ریاست پاکستان چاہتے ہیں۔

پوری دنیا میں ہماری اسلامی، فلاحی ریاست کا مقام ہوگا، لیکن کچھ لوگ اپنی لا علمی کی بنا پر تنقید کرتے ہیں۔ بچوں کو چاہئے کہ دنیا کے مختلف ممالک سے علم سے حاصل کریں۔ اس وقت پاکستان کا فوکس کشمیر پر ہے۔ ہندوستان اپنی قوم کو گڑھوں میں گرا رہا ہے۔ مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ مسلمانوں کو ہندوستان میں شہریت کے حقوق نہیں دیئے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں سب سے اچھی تقریر کر کے کشمیر کے مسئلے کو بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔ پوری دنیا میں ایک نیا پاکستان ابھر کر سامنے آیا۔ یوں پوری دنیا میں وزیراعظم کی وجہ سے پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں اسلامی فوبیہ، گلوبل وارمنگ اور کشمیر کا مقدمہ لڑا۔ مہاتیر محمد، طیب اردگان نے بھی پاکستان کے لئے کشمیر کا مقدمہ لڑا،جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بہت جلد تینوں ممالک دنیا کو اسلام کی حقیقت سے آگاہ کرنے کے لئے چینل لارہے ہیں۔


صدر پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب اعجاز چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ا قبال میلہ کے انعقاد پر آگنائزنگ کمیٹی مبارکباد کی مستحق ہے۔ علامہ اقبالؒ نے اس خطے کے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کیلئے جداگانہ قومیت کا احساس اْجاگر کیا حضرت اقبالؒ مسلمانوں کے لیڈر تھے جو اپنی قومی اور ملی شاعری کے ذریعے ان کے جذبات متحرک رکھتے تھے۔ برصغیر کے مسلمانوں کو اقبالؒؒ اور قائداعظم ؒکی قیادت میسر نہ ہوتی تو ایک الگ مملکت کی کبھی سوچ پیدا نہ ہوتی اور نہ ہی پاکستان کا حصول ممکن ہوتا۔ عالمی سطح پر ہمیں آج کل بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان حالات میں حکیم الامت کا فلسفہ خودی ہمارا سب سے موثر ہتھیار ثابت ہوسکتا ہے۔ علامہ اقبالؒؒ کی فکر کو فروغ دینے کے لئے محنت کرنی ہو گی۔ انہوں نے صدر مملکت سے اقبالیات کی وزارت بنانے اور اضلاع، ڈسٹرکٹ کی سطح پر تقریبات منعقد کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے اعلان کیا کہ اقبالیات کو نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔ ملک کی پبلک لائبریریوں میں شعبہ اقبالیات کو قائم کیا جائیگا۔


گریٹر اقبال پارک لاہور میں عوامی میلے کا کامیاب انعقاد اقبال اکادمی کے ظہیر احمد میر کی کاوشوں کامرہون منت ہے۔ انہوں نے دن رات انتھک محنت کر کے اس میلے کو کامیاب بنایا۔ اسی طرح اقبال اکادمی کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد بھی ان کی محنت اور اقبالؒؒ سے ان کے دلی لگاؤ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


علامہ اقبالؒؒ پر لکھی گئی کتب اور اقبال کی تصانیف اور ان کے فروغ کیلئے بزم اقبالؒ کا بھی بہت کردار ہے۔ بحیثیت ڈائریکٹر راقم الحروف کے زیر اہتمام بزم اقبالؒ کے نام سے یہ خود مختار ادارہ اپنا فعال کردار ادا کررہا ہے۔ فکر اقبالؒ سے آگاہی موجودہ اور آئندہ معاشرے کی اہم ضرورت ہے۔اقبالؒ کے فلسفے کو سمجھنے کے لئے اقبالؒ کی فکر کو پھیلانے کی اشد ضرورت ہے۔ علامہ اقبالؒ پر متعدد مقالہ جات اور ریسرچ پیپرز لکھے گئے ہیں‘ ان مقالہ جات اور ریسرچ پیپرز کو بزم اقبالؒ کے زیر سایہ کتابی صورت میں مرتب کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں ماہرین اقبالیات‘ریسرچرز اور سکالرز سے اقبالؒ کی شاعری کے مختلف موضوعات پرپیپرز لکھوا کر انہیں بھی مرتب کیا جارہا ہے۔ انہی کاوشوں سراہتے ہوئے راقم الحروف کو صدر مملکت نے ایوارڈ برائے حسن کارکردگی بھی دیا۔


سیمینارمیں صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس، صدر پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب اعجاز احمدچوہدری، ظہیر احمد میر، ڈاکٹر طاہرحمید تنولی، ارشادالمجیب، شعیب صدیقی، عثمان سعید بسراء، حافظ عبید اللہ، چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹیٹیوٹ عبدالمنان خرم سمیت یونیک سکول سٹم کے بچوں نے بڑی تعد اد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر اقبال عوامی میلہ اور بک فیئر کے کامیاب انعقاد پر انتظامہ میں یوارڈز تقسیم کئے گئے۔

مزید :

رائے -کالم -