غیر قانونی بھرتی کیس کی سماعت16 دسمبر تک ملتوی

  غیر قانونی بھرتی کیس کی سماعت16 دسمبر تک ملتوی

  



لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج امجدنذیرچودھری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنمااورسابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف گیپکو میں 437افرادکی غیر قانونی بھرتیاں کرنے کے کیس کی سماعت16 دسمبر تک ملتوی کردی،گزشتہ روز کیس کی سماعت شروع ہوئی توراجہ پرویز اشرف اپنے وکیل افتخار شاہد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے عدالت میں حاضری مکمل کروائی،راجہ پرویز اشرف نے عدالت سے استدعا کی کہ ہنگامی اجلاس میں جانا چاہتے ہیں،جسے عدالت نے منظور کرلیا۔احتساب عدالت میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنماسابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ آصف علی زرداری کے علاج کے لئے سپیشل میڈیکل بورڈ بنایا جائے، میڈیکل بورڈ میں سابق صدر کے ذاتی معالج کو بھی شامل کیا جائے، جنگی قیدیوں کو بھی بہترین سہولیات دی جاتی ہے، ٹیسٹ کی رپورٹ اہلخانہ سے شیئر کی جائے، بیمار کی بیماری کو چھپا کر رکھنا غلط بات ہے۔ وزیراعظم کو اپنے منصب کا خیال رکھنا چاہیے،حکومت سے علاج کا پر زور مطالبہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے ٹیسٹ کی رپورٹس دی جائیں۔

مزید : علاقائی