امریکہ شام میں کرداتحادیوں کیساتھ کھڑا ہے تعاون جاری رکھیں گے، مائیک پنس
واشنگٹن(اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی نائب صدر مائیک پنسی نے شام میں اپنے کرد اتحادیوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ ان کے ساتھ کھڑا ہے اور مستقبل میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ یقین دہانی اچانک خطے میں پہنچ کر عراقی کردستان کے صدر نیچرون برزنی کے ساتھ ایک ملاقات میں کرائی۔ دو ماہ قبل شمالی شام سے امریکی فوج کے ہٹانے کے بعد امریکہ کے اتحادیوں اور خصوصاً کرد جنگجوؤں میں اس کے خلاف بدگمانیاں پیدا ہو چکی ہیں جن کے ازالے کے لئے امریکی نائب صدر نے خطے کا یہ دورہ کیا۔ داعش کے خلاف جنگ میں مصروف امریکہ کے علاقائی اتحادیوں میں کرد جنگجو پیش پیش تھے۔ امریکی انخلاء کے بعد ترکی نے ان جنگجوؤں کے خلاف سخت جنگی کارروائی کر کے ان کا خون بہایا کیونکہ وہ سمجھتا ہے کہ کرد ترکی میں بھی موجود ہونے کی وجہ سے عراق اور شام کی طرح ان کے لئے بھی خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔ کردوں کے آزاد کردستان کے مطالبے میں عراق، شام اور ترکی کے وہ خطے بھی شامل ہیں جہاں ان کی موجودگی پائی جاتی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے نائب صدر پنسی کے دورے کے بارے میں مزید بتایا ہے کہ انہیں قبل ازیں عراق کے اس فضائی اڈے الاسد پر خفیہ بریفنگ دی گئی جہاں سے آپریشن کر کے امریکی افواج نے شام میں داعش کے آخری ٹھکانے پر حملے کے نتیجے میں اس کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو ہلاک کیا تھا۔
امریکی نائب صدر