دنیا کا کوئی بھی مذہب کسی بھی مذہبی کتاب کو جلانے کی اجازت نہیں دیتا،ذکر اللہ مجاہد

دنیا کا کوئی بھی مذہب کسی بھی مذہبی کتاب کو جلانے کی اجازت نہیں دیتا،ذکر ...

  



لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب کسی بھی مذہبی کتاب کو جلانے کی اجازت نہیں دیتا۔قرآن پاک کی بے حرمتی سے دو ارب مسلمانوں کے جذبات اور احساسات کو مجروع کیا گیا جو ناقابل برادشت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلا ف ہونے والے احتجاج مظاہرے میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں اسلام دشمن استعماری قوتیں اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں جن کا مقابلہ وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ ناروے میں قرآن پاک کو جلانے کا واقعہ دنیا کے امن کو تباہ کرنے کی مذموم سازش ہے جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے مغرب کے اندر اسلامو فوبیا مہم کو پورے منصوبے کے ساتھ چلایا جا رہا ہے۔

اور شعائر اسلام پر پے در پے حملے درحقیقت اسلام مخالف جذبات کو بھڑکانے کا منصوبہ ہے۔کبھی نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی، کبھی قرآن کی توہین،کبھی داڑھی اور پگڑی کی توہین،کبھی مساجد کے اوپر حملے یہ سب اسلام دشمن قوتوں کی ناقابل برداشت کارستانیاں ہیں۔ اسلام دشمن قوتیں یورپ میں تیزی سے پھیلتے ہوئے اسلام سے خوف زدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عالمی دنیا کو پیغام دینا چاہتی ہے کہ ایسے اقدامات کو نہ روکا گیا تو پوری دنیا اس کا خمیازہ بھگتنے پر مجبور ہوگی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4