برسراقتدار رہنا ہماری منزل نہیں،حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں:شاہ محمود

برسراقتدار رہنا ہماری منزل نہیں،حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں:شاہ محمود

  



ملتان(این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے اقتدار کی کرسی پرڈٹے رہنا ہماری منزل نہیں بلکہ ملک میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ قوم نے ہمیں تبدیلی لانے کیلئے بھر پور مینڈیٹ دیا،اسی کے مطابق ملک کو درست سمت پر ڈال دیا،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اورایسا نظام چا ہتے ہیں جس میں عام آدمی کا فائدہ ہو،ملکی معیشت گرفت میں آگئی ہے،معاشی ترقی کو جانچنے والے بین الاقوامی ادارے، پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں بہتری کی نوید سنا رہے ہیں۔زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی اور دیگر مالی اشاریوں کا مثبت رجحان، ہماری معاشی بہتری کو ظاہر کر رہا ہے۔ہماری معاشی سفارتکاری کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں بیرون سرمایہ کار کمپنیاں، پاکستان کا رخ کر رہی ہیں۔جن کی بدولت ملکی معیشت مضبوط اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کی این اے 157 کی یونین کونسل 63سیتل ماڑی‘ یوسی 42‘یوسی 19میں مختلف استقبالیہ تقاریب سے خطاب اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انکامزید کہنا تھا  سی پیک اور بیلٹ اینڈروڈ جیسے منصوبے ہماری حکومت کے شاندار منصوبے ہیں۔ سی پیک خطے میں تبدیلی کا استعارہ ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے ذریعے ڈیجیٹل رابطوں، سیا حت، ثقافتی روابط اور پائیدار ترقی،جیسے ثمرات حاصل ہونگے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے رکاوٹیں ختم ہونگی، عوام قریب آئیں گے اور روابط کو فروغ ملے گا۔ ہم سی پیک کے دوسر ے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت شروع کئے گئے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے "سی پیک اتھارٹی" قائم کر دی گئی۔ صنعتی ترقی کیلئے حکومت بہت جلد اقتصادی زونز قائم کرنے جارہی ہے۔ الیکشن کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا وقت آگیا ہے۔ ملتان کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان تیار ہو رہاہے جلد وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد میگاترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا جائے گا۔ اس خطے کی محرومیاں دور کریں گے اور جو کچھ ہو سکا اس خطے کی ترقی کیلئے کروں گا۔

شاہ محمود

مزید : صفحہ اول