ماڈل بازاروں اور سبزی منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم سے عوام کو ریلیف ملے گا:عثمان بزدار

ماڈل بازاروں اور سبزی منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم سے عوام کو ریلیف ملے ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ صوبے کے مختلف شہروں میں 32 ماڈل بازاروں کے بعد31سبزی منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم کے قیام سے عوام کو ریلیف ملے گا، پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو کچھ ممکن ہوا وہ کرتی رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ کاشتکاروں کومنڈیوں میں اپنی اجناس براہ راست فروخت کرنے کیلئے مفت جگہ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسان پلیٹ فارم ہماری حکومت کا ایسا اقدام ہے جس سے عوام کو سستے داموں سبزیاں مل رہی ہیں۔ عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے۔سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گااورجہاں شکایت ملی وہاں پر بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ2019ء کی اسمبلی سے منظوری کو تاریخی اقدام قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ پر عملدر آمد سے صنعتی کارکنوں کی حالت زارمیں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ آئندہ سے پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی مد میں محصولات کی وصولی پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صنعتی کارکنوں کو سہولیات کی فراہمی بھی صوبائی حکومت کے ذمہ ہوگی لہٰذاپنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی وصولی صوبائی سطح پر پنجاب ریونیو اتھارٹی کرے گی جبکہ صنعتی کارکنوں کو ان کے جائز حقوق ترجیحی بنیادوں پر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی کارکنوں کیلئے رہائشی کالونیاں بنائی جائیں گی اورصنعتی کارکنوں کے بچوں کیلئے مفت تعلیمی سہولتیں اوربچیوں کیلئے شادی گرانٹ بروقت مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی کارکنوں کی فلاح وبہبود کیلئے پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈکا بروقت اوردرست استعمال یقینی بنا ئے گی۔ صوبے کے صنعتی کارکنوں کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی اشتعال انگیز کارروائی سے صرف نفرت اورانتہاء پسندی جنم لیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کو ایسے قابل مذمت واقعات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی۔وزیراعلیٰ نے قرآن پاک کی بے حرمتی کرنیوالے ملعون کو روکنے والے بہادر نوجوان الیاس کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہاہے کہ الیاس نے انتہائی قابل مذمت فعل کو روکنے کیلئے بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔الیاس ہمارا ہیرو ہے اورمیں الیاس کی ہمت اورحوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے پاکستانی باکسر محمد وسیم کو ورلڈ رینکنگ فائٹ کا مقابلہ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ محمد وسیم نے رنگ میں بہترین مہارت کا مظاہرہ کر کے حریف کو شکست دی اور ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ پیشہ ورانہ اور با صلاحیت باکسر ہیں۔انہوں نے کہا کہ محمد وسیم نے کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا پرچم بلند کیا ہے۔میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ محمد وسیم کو آئندہ بھی کامیابیوں سے ہمکنار کرے۔  وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے لودھراں کے علاقے میں اغواء کے بعد 7سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آ رپی او ملتان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزموں کو جلد سے جلدگرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کاسراغ لگا کر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ مقتول بچے کے خاندان کو ہر قیمت پر انصاف دلائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے دیر بالامیں دریامیں کار گر نے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اورہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بیوروچیف نیو نیوزاور لاہوررنگ محمد ایاز شجاع کی بھابی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول