وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کی کسی کو یقین دہانی نہیں کروائی گئی:گورنر پنجاب

وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کی کسی کو یقین دہانی نہیں کروائی گئی:گورنر پنجاب

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ کسی کو یقین دہانی کروائی ہے نہ ہی وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ دینگے۔اسمبلیوں اور حکومت کے خاتمے کے خواب دیکھنے والے بس خواب ہی دیکھیں گے، عوام نے ہمیں پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے اور ہم عوامی مینڈیٹ کے مطابق اپنی آئینی مدت کریں گے اگر اپوزیشن کو زیادہ شوق ہے تو 2023 کے انتخابات کا انتظار کرے پھر ہم سے مقابلہ کرلے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چودھری محمدسرور نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ اسمبلی میں قانون سازی کیلئے حکومت سے تعاون کرے ہم نے اپوزیشن کے مطالبے پر قومی اسمبلی میں آ رڈیننس بھی واپس لیے اس لیے اپوزیشن سے قانون سازی کیلئے تعاون کی توقع ہے۔قبل ازیں '' پاسٹر اینڈ چرچ لیڈرز کانفر نس ''سے خطاب کرتے ہوئے گور نر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں ا قلیتیں مکمل محفوظ ہیں مگر بھارت اقلیتوں کیلئے قتل گاہ بن چکا ہے۔ہم احساس پروگرام سمیت عوامی فلاح کے منصوبوں میں اقلیتوں کیلئے کوٹہ مختص کر نے کی پالیسی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں گوجرہ اور جوزف کالونی سمیت بہت سے ایسے واقعات ہوئے جن میں اقلیتیں نشانہ بنیں ہیں مگر اسکے باوجود اقلیتیں پاکستان کیساتھ کھڑی ہیں اور میں ان کو یقین دلاتاہوں کہ ہم اقلیتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ بعد ازا ں پاکستان فرنیچر کونسل(پی ایف سی)کے زیر اہتمام ایکسپو سنٹر میں منعقدہ 3 روزہ 11 ویں انٹیریئرز پاکستان میگا نمائش کے آخری روز پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کے ہمراہ مختلف سٹالز کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایاہے اور اب حکومت معاشی مضبوطی کیلئے مشکل فیصلے بھی کر رہی ہے۔چودھری سرور نے کہا کہ ہاتھ سے بنی پاکستانی فرنیچر مصنوعات کی دنیا بھر میں بڑی مانگ ہے اور یہ اپنے بہترین اور جدید ڈیزائنوں کی وجہ سے عالمی منڈیوں میں جگہ بنانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔حکومت فرنیچر انڈسٹری کو ہر طرح کا تعاون اور مدد فراہم کرے گی تاکہ اس کی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے اور اس مقصد کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مارکیٹ کے حالات اور صنعت کے تقاضوں کے مطابق اس مخصوص شعبے کے ساتھ قریبی رابطہ استوار رکھے گی۔ 

گور نر پنجاب

مزید : صفحہ آخر