چاند باغ سکول میں سالانہ انگریزی سٹیج ڈرامہ،کرداروں نے حقیقی رنگ بھر دیا

    چاند باغ سکول میں سالانہ انگریزی سٹیج ڈرامہ،کرداروں نے حقیقی رنگ بھر دیا

  



لاہور(ڈویلپمنٹ سیل)چاند باغ سکول اپنی منفرد روایات،پُر فضا تعلیمی ماحول اور سہولیات کے اعتبار سے مکمل رہائشی اداروں میں بے مثل دکھتاہے،ادارہ گزشتہ دو دہائیوں سے اپنی خوبصورت روایات کی بدولت مختلف شعبوں میں سنگ میل کی حیثیت اختیار کر چکا ہے،یہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی تخلیقی و فنی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے اور طلباء میں خود اعتمادی پیدا کرنے کے لیے مختلف ہم نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتاہے،اسی سلسلے کی ایک کڑی سالانہ سٹیج ڈرامہ ہے،اپنی سنہری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ ہفتے انگریزی کھیلMACBETHپیش کیا گیا،تقریب کے مہمان خصوصی پروڈیوسر پاکستان ٹیلی ویژن دانیال افضل (سابق طالب علم چاند باغ سکول)تھے، دیگر مہمانان گرامی میں چیف ایگزیکٹو چاند باغ سکول شمع علیم،وائس چانسلر ایجوکیشن یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر فاروق اعظم اور ڈاکٹر احسن بشیر شامل تھے،شیکسپیئرکے اسی کھیل کو ایک نئے آہنگ کے ساتھ چاند باغ سکول کے اوپن ائیر تھیٹر میں بڑی ہی چابکدستی  کے ساتھ پیش کیا گیا،جس کو حاضرین و ناظرین نے بے پناہ سراہا،شعبہ انگریزی کے اساتذہ محمد جنید علی،ثناء شعیب،رمیضہ تسنیم اعوان، فائرہ مسعود،نائیلہ شہادت کی انتھک محنت اور کوششوں کی بدولت طالب علم اداکاروں نے فن اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے،تاہم اسٹیج کی تزئین و آرائش کی انفرادیت نے کھیل کے حسن کو دوبالا کر دیا جس کا سہرا چاند باغ سکول کے شعبہ آرٹ کی فرح ریاض کے سر ہے،بالخصوص ملبوسات کی تیاری اور چناؤ نے کھیل کو قدیم اور جدید کے سنگم پر لا کھڑا کیا،ہر شخص نے دل کھول کر داد دی،اس ضمن میں ثوبیہ فاروقی،صائمہ نثار،افشاں محمود(ہاؤس مسٹرسز)نے اہم کردار ادا کیا،انہی ملبوسات کی بدولت،، میکبتھ،، کھیل کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ جیسے کسی فلم یا ٹی وی ڈرامے کو براہ راست دیکھا جا رہا ہے،مہمان خصوصی پروڈیوسر پاکستان ٹیلی ویژن دانیال افضل نے طلباء کی براہ راست کارکردگی اور پروڈیوسر زکی صلاحیتوں اور ملبوسات کی بے پناہ تعریف کی،پرنسپل چاند باغ سکول چودھری محمد افضل نے ڈرامے کی پوری ٹیم کو دل کھول کر داد دی اور بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے برسر چاند باغ سکول کرنل(ر) محمد ظفر الحق،سینئر ماسٹر اختر حسین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا،مہمان والدین نے سکول کی اعلیٰ انتظامیہ کو بہت سراہا،تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی دانیال افضل کا انگریزی کھیل کی پوری ٹیم کے ساتھ گروپ فوٹو بنایا گیا۔ 

چاند باغ

مزید : صفحہ آخر