لاہور آرٹس کونسل میں عائشہ ارشد شاہ نواز کی بنائی ہوئی پینٹنگ پر مبنی نمائش

لاہور آرٹس کونسل میں عائشہ ارشد شاہ نواز کی بنائی ہوئی پینٹنگ پر مبنی نمائش

  



لاہور(فلم رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں نامور آرٹسٹ عائشہ ارشد شاہ نواز کی بنائی ہوئی پینٹنگ پر مبنی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود  نے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب میاں محمد اسلم اقبال کے ہمراہ نمائش دیکھی۔ چیئرپرسن بورڈ آف گورنر لاہور آرٹس کونسل الحمرا منیزہ ہاشمی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے بھی خصوصی شرکت کی۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے نمائش کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ خوشی ہے کہ ہمارا آرٹ ترقی کر رہا ہے، آرٹسٹ کی خدمات قابل ستائش ہے،  حکومت فن کے ترویج و ترقی کے لئے ٹھو س اقدامات کر رہی ہے، عائشہ ارشد نے اپنے منفرد انداز میں اپنے فن پاروں کے ذریعے اپنی بات کہی ہے،ان کا انداز بے حد متاثر کن ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں محمد اسلم اقبال نے اس نمائش میں اپنے تاثرات میں کہا کہ ہم اعلی تہذبیوں کے وارث ہیں، ہماری سوسائٹی آرٹ سے بے پناہ محبت رکھتی ہے، حکومت فن اور فنکار کی فلاح و بہبود کے لئے ایسے اقدام کر رہی ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہونگے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہرعلی خان نے اس موقع پر کہا کہ الحمرا آرٹ اور آرٹسٹ کو احسن انداز میں کام کرنے کے لئے صحت مند فضاء فراہم کر رہا ہے،مصوروں کی بنائی ہوئی پینٹنگ معاشرہ میں اعلی اقدار کو اپنانے کا شعور بیدار کر رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ الحمرا میں شب وروز جاری رہنے والی ادبی و ثقافتی سرگرمیاں اس بات کا ثبوت ہے کہ الحمرا آرٹس کو نسل کی کاوشوں کی مرہون منت آرٹ کی ترویج و ترقی بڑی تیزی سے جاری ہے۔نامور آرٹسٹ عائشہ ارشد شاہ نواز نے اپنے کام سے متعلق بتایاکہ میرے بنائے ہوئے فن پاروں کا بنیادی تخیل سٹرنگ تھیوری پر مبنی ہے،یہ تھیوری عقیدے اور مذہب کے عمدہ ملاپ کا نمونہ ہے،یہ آرٹ ورک اس تصور کا شاہکار ہے جو رنگ و نسل سے اوپر اٹھ کر انسان سے ماورا ہستیوں کو اپنے جہان میں سمو لیتا ہے۔زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے نمائش میں شرکت،فن پارے دیکھے اور آرٹسٹ کے کام کو سراہا۔

لاہور آرٹس کونسل

مزید : صفحہ آخر