ملک کا پیسہ چوری کرنیوالوں کے نیب کیس ختم نہیں ہوں گے،محمد عاطف خان
کاٹلنگ،رستم(نمائندگان پاکستان) خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ملک کا پیسہ چوری کرنے والوں کے نیب کیس ختم نہیں ہونگے، کرپٹ سیاستدانوں سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس قومی خزانہ میں جمع کرینگے، ملک کی اقتصادی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے اس کے ثمرات عوام کو جلد پہنچ جائیں گے، مولانا کو اپوزیشن جماعتوں نے اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کیا، نواز، زرداری نے ملک کو قرضوں کے دلدل میں دھکیل دیا ہے،، اپوزیشن جماعتیں بیرونی پارٹی فنڈنگ کیس کو بلیک میلنگ کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے، اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ ساڑھے 5ارب کی لاگت سے صوبے میں 1ہزار کھیلوں کے میدان تعمیر کریگا، صوبائی حکومت کی طرف سے نوجوانوں کے لئے 2 ارب کے انصاف روزگار سکیم کا آغاز ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پی اے طفیل انجم کے رہائش گاہ پر رستم پریس کلب اور کاٹلنگ پریس کلب کے کابینہ کی مشترکہ حلف برداری تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پروفاقی وزیر علی محمد خان، ایم پی ایز افتخارعلی مشوانی، امیر فرزند، ملک شوکت، ظاہر شاہ طورو، عبد السلام خان اور سابق ناظم اعلیٰ مردان احتشام خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف، زرداری، اکرم خان دورانی پر کرپشن اور نیب کے کیس عمران خان نے نہیں بنائیں ہے اپوزیشن پر کرپشن کے جتنے بھی کیس عدالتوں میں ہیں یہ دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کے اوپر اپنے اپنے دور حکومت میں بنائیں ہے تحریک انصاف کی موجودہ حکومت صرف ان کیسوں کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتی ہے تاکہ ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت ملکی خزانہ میں واپس جمع ہو جائے ملک کی اقتصادی حالت خراب ہونے کی وجہ سے بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے میں تھوڑا وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اسپورٹس کی طرف سے میڈل جیتنے والوں کو 20,15,10ہزار ماہوار وظیفہ اور 100کوچز انٹر نیشنل کھیلوں میں حصہ لینے والے سپانسر کرینگے جسکا26ارب روپے اسپورٹس کا بجٹ ہے ٹورزم سپارٹ کے لئے مردان کے ایم پی ایز نے پوٹیشن دی ہے جس کا انتخاب کرکے جلد کام کا آغاز ہو جائے گا۔