پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے:شاہ فرمان

  پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے:شاہ فرمان

  



پشاور(سٹی رپورٹر)وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے پاکستان میں ترکی کے سفیر کے اعزاز میں ہفتہ کے روز ظہرانے کا اہتمام کیا۔ ظہرانہ ترک سفیر کو ترکی کے 96ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پشاور کے مقامی ہوٹل دیا گیا۔ وزیر صحت کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان،صوبائی وزراء شوکتِ علی یوسفزئی، تیمور سلیم جھگڑا، ضیاء اللہ بنگش، کامران بنگش، اجمل وزیر، سابقہ وفاقی وزیرسلیم سیف اللہ خان، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر صحت ہشام انعام اللہ نے ترک سفیر کو گلدستہ پیش کیا اور یوم جمہوریہ پر ان کو مبارک باد بھی دی۔کھانے کے میز پر ترک سفیر اور صوبائی حکام کے درمیان  باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ترکی سے اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے مابین گہرے اور مضبوط مذہبی،سیاسی اور معاشی تعلقات ہیں مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی امت مسلمہ کی امیدوں کے مرکزہیں دونوں ممالک امت مسلمہ کی بہتری اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ترک سفیر نے شاندار مہمان نوازی پر صوبائی حکومت اور وزیر صحت کا شکریہ ادا کیا اورکہاکہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات ہمیشہ سے مضبوط رہے ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوں گے دونوں ممالک مشکل حالات میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیاامت مسلمہ کو درپیش مسائل کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششیں تیز کریں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر