سندھ حکومت روزگار کے مواقع فراہم کررہی ہے،جام اکرام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بیروزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہے بھرتیوں کے سلسلے کی بہت جلد شروعات ہوگی اس لیے نوجوانو تقابلی مقابلہ کی تیاری کرلیں یے بات انہوں نے آج یہاں اپنے حلقہ سے آنے والے مختلف وفود سے بات چیت کے دوران کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوام کو روزگار کے بہتر سے بہتر وسائل فراہم کرنے اور رواں اور نئے ترقیاتی منصوباجات جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے مصروف عمل ہے اس کے برعکس سلیکٹیڈ حکومت عوام کو ریلیف اور روزگار دینے کے بجائے دن رات سیاسی انتقام کے راستے تلاش کر رہی ہے ان کے 13 ماہ کے اقتدار میں ملکی معیشت کا بہت برا حشر ہوا ہے جس پر سلیکٹیڈ کو سلیکٹ کرنے والے بھی اب پریشان ہوکر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت کے چند ماہ کی حکومت کے دورانیہ میں شرح سود میں 5.75 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے باعث صنعتکار طبقہ نئی سرمائیکاری میں دلچسپی نہیں لے رہا ہے 13.25 فیصد شرح سود کی پالیسی کے ہوتے ہوئے اتنا مہنگا قرضہ لے کر صنعتکار کیسے اپنے کاروبار کو وسعت دے سکتا ہے یے جو حکومت کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرح سود میں اضافہ سے سرمایاکاری میں ریکارڈ کمی ہوکر رہ گئی ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ کرپشن کا شور مچانے والا سلیکٹیڈ وزیراعظم کے اپنی کابینا سمیت دیگر اراکین دیگر پارٹیوں کا ایسا بھگوڑا مجموعہ ہیں جنہوں نے کبھی بھی ملک اور عوام کی فلاح کے لیے سیاست نہیں کی۔