کراچی، پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی، ٹرک سڑک میں دھنس گیا

کراچی، پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی، ٹرک سڑک میں دھنس گیا

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ڈاک خانے کے قریب پانی کی لائن پھٹ گئی، جس کے گڑھے میں ایک ٹرک پھنس گیا۔اس صورتِ حال کے بعد سڑک پر شدید ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کو گزرنے میں انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔لیاقت آباد ڈاک خانے سے تین ہٹی جانے والی سڑک پر 4 روز قبل پانی کی لائن پھٹ گئی تھی۔سڑک کو مرمت کے لیے گزشتہ روز ہیوی مشینری سے کھودا گیا اور مرمتی کام کا آغاز کیا گیا، تاہم مرمتی کام مکمل نہ ہو سکا۔رات گئے مرمتی کام کو ادھورا چھوڑدیا گیا تھا جس کے باعث سڑک پر لائن سے پانی کا رساو جاری تھا اورگڑھا پڑھ گیا تھا، اسی گڑھے میں آج صبح بجری سے بھرا ٹرک پھنس گیا جس سے تین ہٹی جانے والی سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے کا انتظام کیا گیا، زائد نفری تعینات کی گئی اور ٹرک ہٹانے کے لیے مشینری کو طلب کر لیا گیا۔مشینری کی مدد سے 4 گھنٹے کی کوشش کے بعد ٹرک کو گڑھے سے نکال لیا گیا ہے تاہم واٹر بورڈ کی جانب سے مرمتی کام کا آغاز نہیں کیا جا سکا ہے۔

مزید : صفحہ آخر