امریکا،برطانیہ اور فرانس نے جھوٹی رپور ٹ پر شام پر حملہ کیا: اقوام متحدہ کے اہلکار کی ای میل نے بھانڈا پھوڑدیا

امریکا،برطانیہ اور فرانس نے جھوٹی رپور ٹ پر شام پر حملہ کیا: اقوام متحدہ کے ...
امریکا،برطانیہ اور فرانس نے جھوٹی رپور ٹ پر شام پر حملہ کیا: اقوام متحدہ کے اہلکار کی ای میل نے بھانڈا پھوڑدیا

  



دمشق:ڈیلی پاکستان آن لائن)گزشتہ برس دنیا بھرپر گہرا اثرچھوڑنے والے شام کے شہر دوما میں ہونے والے حملوں سے متعلق انتہائی حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں کہ وہاں کیمیائی حملہ ہوا ہی نہیں تھا۔اقوام متحدہ کے ایک اہلکار کی  لیک ای میل میں انکشاف ہوا ہے کہ شام میں کیمیائی حملےسے متعلق اقوام متحدہ کی واچ ڈاگ رپورٹ یکسرغلط تھی۔

اپریل دوہزار اٹھارہ میں ہونے والے ان حملوں کو اقوام متحدہ کے مبصرین نے کیمیائی حملہ قرار دیا تھا جس کی بنیاد پر امریکا، برطانیہ اور فرانس نے شواہد کاانتظارکئے بنا ہی شام پر حملہ کردیاتھا۔

ڈیلی میل کے مطابق اقوام متحدہ کے اہلکارکی ای میل لیک ہو گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ شام کے شہر ڈوما میں کیمیائی حملے سے متعلق رپورٹ میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ڈیلی میل کے مطابق یہ صورتحال امریکا ،برطانیہ اور فرانس کیلئے شرمندگی کا باعث ہے۔

لیک ای میل میں انکشاف ہوا ہے کہ شام میں کیمیائی حملے سے متعلق اقوام متحدہ کی واچ ڈاگ رپورٹ یکسرغلط تھی۔ای میل کے مطابق شام میں صدر بشارالاسد کے خلاف کارروائی کے لیے جعلی رپورٹ تیار کی گئی۔

تاحال مذکورہ ممالک نے اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیاہے۔

واضح رہے کہ شام کے علاقے دوما میں صدر بشار الاسد پر زہریلی گیس حملے کا الزام لگاتے ہوئے کچھ ویڈیوزبھی دکھائی گئی تھیں جن میں متاثرہ بچوں کو تڑپتے ہوئے دکھایاگیاتھا۔

مزید : بین الاقوامی