پولیو کے خاتمے سے متعلق بڑی پیش رفت،نیشنل سٹرٹیجک ایڈوائزری گروپ قائم کردیاگیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سے نیشنل اسٹرٹیجک ایڈوائزری گروپ قائم کردیا گیا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اس گروپ کے سربراہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹرٹیجک ایڈوائزری گروپ پولیو کےخاتمے کو قومی ترجیح کے طور پر اتفاق سے آگے بڑھائے گا، شہناز وزیر علی اور سینیٹر عائشہ رضا فاروق ایڈوائزری گروپ میں شامل ہوں گی۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ایڈوائزری گروپ کا اجلاس ہر سہ ماہی ہوگا، اجلاس میں پولیو کے خاتمے پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، گروپ پروگرام کے امور پر مطلوبہ رہنمائی اور معاونت دے گا، گروپ کا پہلا اجلاس 16دسمبر2019 کو شروع ہونے والی مہم سے پہلے ہوگا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ایڈوائزری گروپ پولیو وائرس کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، پولیو کے خاتمے کےلئے مربوط اور مو¿ثر حکمت عملی ترتیب دی ہے، انسدادپولیو قومی پروگرام ہے، سیاست سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیو کے باعث ملک کی ساکھ متاثر ہوتی ہے، نظریں پاکستان پرجمی ہیں، وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانا ہے، بچے مستقبل ہیں ان کو اپاہج ہونے سے بچانا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔