احسن اقبال نے وزیر اعظم عمران خان سے بڑا مطالبہ کردیا

احسن اقبال نے وزیر اعظم عمران خان سے بڑا مطالبہ کردیا
احسن اقبال نے وزیر اعظم عمران خان سے بڑا مطالبہ کردیا

  



شکرگڑھ (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ عمران خان اکاؤنٹس چھپانے کی بجائے رسید یں پیش کریں،قوم جانناچاہتی ہے کہ 23بینک اکاؤنٹس کیوں چھپائے گئے؟سی پیک جیسے اہم منصوبے پر غیر مصدقہ اعدادوشمار سے پرہیز کرنا چاہیے ۔

شکرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ عمران خان اکاؤنٹس چھپانے کی بجائے رسید یں پیش کریں،قوم جانناچاہتی ہے کہ 23بینک اکاؤنٹس کیوں چھپائے گئے ؟اَب پتہ چلا کہ دوسروں کوچور کہنے والا عمران خان خود چور ہے ۔ احسن اقبال نے وزیر منصوبہ بندی اسدعمر کے اعدادوشمار کی تصحیح کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک جیسے اہم منصوبے پر غیر مصدقہ اعدادوشمار سے پرہیز کرنا چاہیے،سی پیک منصوبے پر پی ٹی آئی حکومت کے غیرذمہ دارانہ بیانات سے پہلے ہی بہت سے مسائل پیدا ہوچکے ہیں،عمران نیازی اور ان کی کابینہ کے ارکان سی پیک منصوبوں کو متنازعہ نہ بناتے تو عالمی غلط فہمیاں پیدا نہ ہوتیں۔اُنہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کے لئے چین کے قرضوں کا کل حجم 18 ارب ڈالر نہیں تقریبا 5.8 ارب ڈالر ہے جبکہ اس قرض کی ادائیگی کی مدت بیس سے پچیس سال اور شرح سود اوسط دو فیصد ہے، توانائی کے تمام منصوبے سرمایہ کاری کی شکل میں ہیں،بلاشبہ یہ قرض نہیں بلکہ برادر ملک پاکستان کے لئے خصوصی رعایت ہے۔

دوسری  طرف  مولانا فضل فضل الرحمان کی اے پی سی سے قبل ن لیگ کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے اے پی سی کیلئے وفد تشکیل دیدیاہے ،اپوزیشن کی اے پی سی 26نومبر کو دن گیارہ بجے ہوگی،مسلم لیگ ن کا وفد راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں اے پی سی میں شرکت کرے گا۔واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپوزیشن کی اے پی سی 26نومبر کوبلائی گئی ہے جس کیلئے مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے رابطے کئے ہیں اور اپوزیشن قیادت کواے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

مزید : قومی