اپوزیشن کا سارا زور اب فارن فنڈنگ کیس پر ہے،عبدالغفور حیدری
کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری وسینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ 2018کے انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی اب سلیکٹڈ وزیر اعظم اور ان کی حکومت کو جا نا ہوگا، اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا سارا زور اب الیکشن کمیشن میں حکمران جماعت تحریک انصاف کیخلاف دائر فارن فنڈنگ کیس پر ہے۔ رہبر کمیٹی نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ اس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے جسے منظور کرلیا گیا ہے ان خیالات کااظہارانہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ استعفیٰ بھی آئے گا اور اسمبلیاں بھی تحلیل ہوجائیں گی ہم ویسے ہی اسلام آباد سے نہیں گئے ہمیں یقین دہانیاں کرائی گئیں، تمام باتیں وقت سے پہلے نہیں بتاسکتے، جن لوگوں نے یقین دہانیاں کرائی ہیں وہ بااعتماد لوگ ہیں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، اختر مینگل اور دیگر نے حکومت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، حکومت کے اتحادیوں میں بھی دراڑ پڑگئی ہے، چوہدری برادران ہم سے رابطے میں تھے انہوں نے کہا کہ ہم سے جو مذاکرات ہوئے اس کے اثرات عنقریب دیکھنے کو ملیں گے، چوہدری برادران پر ہمیں اعتماد ہے۔ ضرور حکومت کو بھی چوہدری پرویز الٰہی نے ساری باتیں بتائیں ہوں گی۔
عبدالغفور حیدری