بیڈ فورڈ شائر میں نائف کرائم کے خلاف مہم، ڈسپوزل بنز سے 3 ہزار چاقو برآمد
بیڈ فورڈ شائر (اسرار احمد خان) بیڈفورڈشائر کاؤنٹی میں 3 ہزار سے زائد چاقو اور چھریوں سے بھرے ڈسپوزل بنز کو خالی کیا گیا ہے۔ یہ سرگرمی آپریشن سکپچر کا نتیجہ تھی جو ملک بھر میں نائف کرائم کریک ڈاؤن مہم کا حصہ ہے، یہ مہم انگلینڈ اور ویلز میں مختلف اوقات میں مختلف مقامات پر نیشنل ویک آف ایکشن کے نام سے منعقد کی جاتی ہے جس کا بنیادی مقصد نائف کرائم سے بڑھتے جرائم اور ان کی روک تھام کرنا اور اس سے بہتر طور پر نمٹنے کے لیئے لوگوں کی ہمت بڑھانا ہے۔
لیوٹن نیوز کے مطابق اس دفعہ بیڈ فورڈ شائر میں اس سرگرمی کا انعقاد رواں ماہ 9 نومیر سے 15 نومیر تک کیا گیا تھا ، جس میں بیڈفورڈشائر پولیس نے دیگر فورسز کے ساتھ مل کر مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جس میں ہتھیاروں کی صفائی کے ساتھ ساتھ چاقو اور چھری پرچون فروشوں سے بات چیت اور نائف کرائم سے متاثرہ علاقوں میں گشت وغیرہ کو تیز کرنا شامل تھا ۔
ایکشن ویک شروع ہونے سے قبل بیڈفورڈشائر پولیس کی کرائم ریڈکشن ٹیم نے چاقو اور چھروں سے بھرے مختلف قسم کے دس بنز کو خالی کیا تھا۔ نارتھ اف انگلینڈ میں آخری بار ہتھیاروں سے بھرے بنز کو رواں سال مارچ میں خالی کیا گیا تھا جبکہ ساؤتھ میں آخری بار اکتوبر 2019ء میں بنز کو خالی کیا گیا تھا۔