متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں سرحد یونیورسٹی کا قیام خوش آئند ہے: ثمینہ ناصر

متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں سرحد یونیورسٹی کا قیام خوش آئند ہے: ...
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں سرحد یونیورسٹی کا قیام خوش آئند ہے: ثمینہ ناصر

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں سرحد یونیورسٹی کا قیام خوش آئند ہے جہاں سے مختلف شعبوں میں بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم فراہم کی جائے گی۔ اس علاقہ میں یونیورسٹی کے قیام سے بہت سے پاکستانی طلبا و طالبات تعلیم حاصل کرسکیں گے اور معاشرے کے مفید شہری بن سکیں گے۔ سرحد یونیورسٹی راس الخیمہ کیمپس سے انٹرنیشنل لیول کے مختلف کورسز کرائے جائیں گے جبکہ تعلیم کی فراہمی کے لیے تجربہ کار اور ماہر اساتذہ کا تعاون حاصل کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سرحد یونیورسٹی راس الخیمہ کیمپس کی ڈائریکٹر ثمینہ ناصر نے کیمپس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

یو اے ای کے نیشنل ڈے کے موقع پر منعقد کی جانے والی تقریب میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے وائس قونصلر سید مصور عباس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای کے عہدیداران و اراکین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اور پاکستان جرنلسٹس فورم کے وفد کو سرحد یونیورسٹی راس الخیمہ کیمپس کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا گیا اور یونیورسٹی ہذا سے فراہم کی جانے والی تعلیم کے بارے معلومات فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ثمینہ ناصر اور ہیڈ آف کیمپس زاہد اللہ خان نے بتایا کہ سرحد یونیورسٹی کی ڈگری پوری دنیا میں تسلیم شدہ ہے اور مانی جاتی ہے۔ تکمیل تعلیم کے بعد سرحد یونیورسٹی کی طرف سے جاری کردہ ڈگری پر باآسانی ملازمت بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس یونیورسٹی سے متوسط درجہ کے لوگ بخوبی فائدہ اٹھاسکیں گے کیونکہ سرحد یونیورسٹی کی فیسیں ای ک عام اور متوسط آدمی کی دائرہ اختیارمیں ہیں۔ یونیورسٹی میں حصول تعلیم کے لیے دیگر ممالک سے آنے والے سٹوڈنٹس کو ویزا بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ 

مہمان خصوصی سید مصور عباس نے یونیورسٹی کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یقینا اس یونیورسٹی کے قیام سے پاکستانیوں کو بہتر تعلیم کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم کے سلسلہ میں یونیورسٹی کو ہر قسم کی معاونت و مشاورت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے نیشنل ڈے کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا اور متحدہ عرب امارات کے لیے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا گیا۔ تقریب کے دوران پاکستان جرنلسٹس فورم کے عہدیداران و اراکین کو ان کی صحافتی خدمات کے اعزاز میں شیلڈز بھی عطا کی گئیں۔ 

اس موقع پر پی جے ایف کے صدر اشفاق احمد اور دیگر اراکین حافظ زاہد علی، خالد محمو دگوندل، ارشد انجم، جمیل خان، عارف شاہد، زمرد بونیری اور راجہ اسد خالد کے علاوہ عبدالرحمن رضا، خالد ملک، عنایت الرحمن، امجد قاسمی، عابد قریشی ودیگر بھی موجود تھے۔ تقریب میں شامل ہونے پر ڈائریکٹر یونیورٹی ثمینہ ناصر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

عرب دنیا -