چین نے چاند سے پتھر لانے کے لیے تاریخی خلائی مشن لانچ کردیا
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے اپنا نیا مشن ’شینگ ای 5‘ چاند کے لیے روانہ کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس مشن کا مقصد چاند کی سطح سے پتھر اور دیگر نمونے اٹھا کر واپس زمین پر لانا ہے تاکہ ان پر تحقیقات کی جا سکیں۔ یہ 40سال بعد ایک بار پھر ہونے جا رہا ہے کہ کوئی مشن چاند کی سطح سے پتھر اور مٹی وغیرہ لانے کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔
اس مشن سے وابستہ لیڈ انجینئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مشن 23دن میں چاند سے ہو کر واپس زمین پر آ جائے گا۔ یہ مشن چاند کی سطح پر 7فٹ گہرائی تک کھدائی کرے گا اور نمونے اکٹھے کرکے واپس زمین پر لائے گا۔ رپورٹ کے مطابق یہ مشن مقامی وقت کے مطابق علی الصبح 4بج کر 35منٹ پر چین کے صوبے ہینان کے ساحلی علاقے سے روانہ کیا گیا۔اس مشن میں بھیجا گیا راکٹ 57میٹر لمبا تھا اور اس کا وزن 870ٹن تھا۔ یہ مشن چاند پرچاند کا صرف ایک دن گزارے گا جو زمین کے 14دن کے برابر ہوتا ہے۔ اس کے بعد اس کا واپسی کا سفر شروع ہو جائے گا۔