ملک میں سیاحت کا فروغ ،حکومت نےاہم نجی ادارے کےساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرلئے

ملک میں سیاحت کا فروغ ،حکومت نےاہم نجی ادارے کےساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط ...
ملک میں سیاحت کا فروغ ،حکومت نےاہم نجی ادارے کےساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرلئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک میں سیاحت کے فروغ لئے پاکستان ایئرلائن اور ہاشو گروپ کے درمیان مفاہمت کی یادادشت پر دستخط  کر دیئے گئے،جس کے تحت مشترکہ طور پر پاکستان میں کاروبار بڑھانے اور سیاحت کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس باہمی معاہدے کے مطابق سیاحتی پیکیجز،رینٹ اے کار سروس، پک اینڈ ڈراپ کی سہولت،شادی کے موقع پر خصوصی رعایتی پیکیجز، ہوائی سفر پر رعایت کی سہولت، صارفین کی سہولت کے لئے مشترکہ کاؤنٹرز کا قیام اور لائلٹی کارڈ کی سہولیات شامل ہیں۔ پی آئی اے اور ہاشو گروپ ایئرپورٹ ہوٹل کراچی کو اپ گریڈکرنے، بہتر بنانے اور چلانے کے لئے بھی مشترکہ کوششیں کرے گا،تقریب میں وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور اور سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےسی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نےکہاکہ  وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق یہ توقع ہے کہ اس مشترکہ منصوبہ سے نہ صرف اندرون ملک سیاحت کو فروغ ملے گابلکہ پاکستان میں ٹریول انڈسٹری کے دو بڑے سٹیک ہولڈرز کے مابین ہم آہنگی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے ہم پاکستان میں سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی، آرام دہ سفری اور رہائشی سہولیات مناسب اور رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کا عزم رکھتے ہیں، اس کے علاوہ اندرون ملک اور بیرون ملک سے پاکستان کے خوبصورت سیاحتی علاقوں کا سفر کرنے والوں کے لئے تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور ہاشو گروپ قدرتی شراکت دار ہیں جو پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے مل جل کر کام کر رہے ہیں،پی آئی اے ہاشو گروپ کے ہوٹلوں میں 30 کے قریب سیل پوائنٹس قائم کرے گی۔ پی آئی اے کے دفاتر کے ذریعہ ٹکٹوں کی خریداری، دوبارہ اجراء، ادائیگی کی وصولی، کریڈٹ کارڈ کے ذریعے وصولی اور اس سے وابستہ تمام خدمات کے لئے 24 گھنٹوں کی معاونت کی خدمات فراہم کی جائیں گی جبکہ صارفین پی آئی اے کی ویب سائٹ سے بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ 

 ایئر مارشل ارشد ملک نےکہاکہ سیاحت کے فروغ سے صرف ملک میں پیسہ لانا نہیں بلکہ ملک کا امیج بھی بہتر کرنا ہے، سیاحت کے لئے مجھے وزیر اعظم کے بعد وزیر ہوابازی کی مکمل سپورٹ ہے, گوادر، گلگت میں بھی ہماری سہولیات بہتر ہیں، گوادر اور گلگت میں فیول سہولیات بھی بہتر کی گئی ہیں, پی آئی اے پر ایک بڑی قومی ذمہ داری ہے، سیاحت کے فروغ کے لئے ہمیں جو کچھ کرنا پڑا کریں گے۔

سی ای او ہاشو گروپ کے حسیب گردیزی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم کا وژن ہے کہ سیاحت کو فروغ دیا جائے، سی ای او پی آئی اے نے ہمیں درخواست کی کہ ہم اپنے ہوٹلز کے ذریعے سے سیاحت کے فروغ میں حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم سیاحت کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، ایم او یو کے تحت ہم سیاحوں کو خصوصی ڈسکاؤنٹ دیں گے، سیاح جہاں بھی ہاشو گروپس کے ہوٹلز میں قیام کریں گے انہیں خصوصی الاؤنس ملے گا، مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے، پاکستان کے بہترین امیج کے لئے کام کرنا ہمارا قومی اور اخلاقی فرض ہے۔
وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور نے کہاکہ معاہدے کی یہ تقریب بہت اہم ہے، سیاحت کے فروغ کے لئے ایسا معاہدہ پہلے ہو جانا چاہئے تھا, دیر آید درست آید، مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے، دریا، پہاڑ، چٹانیں، خوبصورت موسم ہمارے پاس ہیں, اللہ نے ہمیں چار موسم دیے دنیا میں ایسا کہیں نہیں، کو ذائقہ میرے ملک کی گندم میں ہے وہ دنیا میں کہیں اور نہیں، اللہ نے ہمیں سب کچھ عطا کیا ہے۔غلام سرور خان نے کہاکہ بس ہماری نیتیں ٹھیک ہونی چاہئیں، اس حکومت کی نیت ٹھیک ہے، اچھی خبر کابینہ نے پی آئی اے کی ری سٹرکچنک کی منظوری دی ہے۔

مفاہمتی یاداشت کے مطابق، گوادر، بھوربن، مظفرآباد، اسلام آباد، مالم جبہ،سکردو، گلگت، چترال اور شندور پولو فیسٹیول، بہاولپور، ملتان اور موہنجو ڈارو کے لئے ہوائی نقل و حمل،رہائشی سہولت کے پیکج وغیرہ ابتدائی طور پر پیش کیے جائیں گے۔ ہاشو گروپ اورڈیسٹینینش آف دی ورلڈ پی آئی اے مسافروں کے لئے تمام زمینی خدمات فراہم کرے گی۔ پی آئی اے اور ہاشو گروپ ہوٹلز کے لائلٹی کارڈ رکھنے والوں پی آئی اے کی ٹکٹوں اور رہائشی سہولیات میں میں خصوصی رعایت حاصل ہو گی۔ دوونوں اداروں نے مل کر فضائی کرایہ میں چھوٹ والے پیکیج تیار کرنے کے لئے اجتماعی طور پر کام کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جن کو ''پی آئی اے چھٹیوں '' کے نام سے لانچ کیا جائے گا اس کے علاوہ مشترکہ طور پر صارفین کی سہولت کے لئے عمرہ کی سعادت کے لئے ایک خصوصی پیکج بھی متعارف کرایا جائے گا۔  مشترکہ پیکیجز میں سیاحت کے دوسرے پیکیجز کے علاوہ سکھوں اور بدھوں کے مذہبی مقامات کے دورے بھی شامل ہوں گے۔ ٹریول ایجنٹ چھٹیوں کے مکمل پیکجوں کو DOTW / PIA سسٹم پر بک کرسکیں گے اور انھیں مشترکہ طور پر فروغ دیا جائے گا۔