ارپیتا خان نے اپنے شوہر کو پہلی بار گھر والوں سے کیسے ملوایا؟ سلمان خان کا دلچسپ انکشاف

ارپیتا خان نے اپنے شوہر کو پہلی بار گھر والوں سے کیسے ملوایا؟ سلمان خان کا ...
ارپیتا خان نے اپنے شوہر کو پہلی بار گھر والوں سے کیسے ملوایا؟ سلمان خان کا دلچسپ انکشاف

  

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ خان کہلانے والے سلمان خان کی بہن ارپیتا خان 2014ءمیں آیوش شرما کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئی تھیں۔ ارپیتا نے کس طرح آیوش کو اپنے خاندان سے متعارف کرایا اور اس پر سلمان خان کا کیا ردعمل تھا؟ سلمان خان نے پہلی بار ایک انٹرویو میں اس سوال کا دلچسپ جواب دے دیا ہے۔

 دی انڈین ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے بتایا ہے کہ ارپیتا میرے فلیٹ سے اوپر کی منزل پر رہتی تھی اور اسے جب بھی ہم سے ملنا ہوتا تھا تو وہ ہمیں اپنے اپارٹمنٹ میں بلاتی تھی اور ہم اس سے ملنے جاتے تھے۔

سلمان خان بتاتے ہیں کہ ایک دن ارپیتا نے ہم سب کو بلایا۔ جب میں پہنچا تو ہمارے ماں باپ اور سہیل بھی وہاں موجود تھے اور ارپیتا ایک نوجوان کے ساتھ کھڑی تھی۔ اس نے ہم سے کہا کہ ”میں اس سے شادی کرنا چاہتی ہوں۔“ اس سے قبل سہیل مجھے اس نوجوان کے بارے میں بتا چکا تھا۔ سہیل کو ہماری فلم ’مائی پنجابی نکاح‘ کے لیے ایک ایسا ہی اداکار چاہیے تھا۔ سہیل نے اسے جم میں دیکھا تھا اور اس کے بارے میں مجھے بتایا تھا کہ وہ اس کردار کے لیے بہترین ہے اور میں نے سہیل کو اسے کاسٹ کرنے کی اجازت دے دی تھی مگر یہ نوجوان اس کے بعد جم میں سہیل کو ملا ہی نہیں تھا۔

سلمان خان مزید بتاتے ہیں کہ ”میں نے اس نوجوان کو دیکھا تو ارپیتا سے پوچھا کہ کیا تم اسے جم میں ملی ہو؟ اس پر ارپیتا نے ہاں میں سر ہلا دیا۔ پھر میں نے سہیل سے پوچھا کہ کیا یہ وہی ہے جسے تم نے جم میں دیکھا تھا اور فلم میں کاسٹ کرنا چاہتے تھے؟ اس پر سہیل نے بھی کہہ دیا کہ ہاں یہ وہی ہے۔ دونوں کے جواب سن کر میں نے کہا کہ ”اب تو میں اس کے ساتھ مفت میں فلم بناﺅں گا۔“

مزید :

تفریح -