"وزارت عظمیٰ کیلئے عبدالقیوم نیازی کا نام میں نے پرپوز کیا" سردار تنویر الیاس کا آزاد کشمیر کی قسمت بدلنے کا اعلان

"وزارت عظمیٰ کیلئے عبدالقیوم نیازی کا نام میں نے پرپوز کیا" سردار تنویر الیاس ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

باغ (ڈیلی پاکستان آن لائن) آزاد کشمیر حکومت کے سنیئر وزیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ عقل سے پیدل ہندوستانی سرکار نے ابھی  نندن کو جنگی ایوارڈ دے کر دنیا کے سامنے اپنا مذاق بنوایا۔ پاکستان کے شاہینوں نے جب ہندوستان کا جہاز گرایا اور عوام نے جو انکے پائلٹ کی حالت کی تھی وہ دنیا نے دیکھی مگر ہندوستان نے اپنے عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے ڈھونگ رچایا ۔  پاکستان کی مسلح افواج ہمارا فخر ہیں،  کوئی جوان فوج میں تنخواہ کے لیے بھرتی نہیں ہوتا جو بھی بھرتی ہوتا ہے وہ شہادت کا جذبہ لے کر بھرتی ہوتا ہے۔

اپنے اعزاز میں ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ وسطی باغ کے عوام کو اپنے فیصلے پر فخر ہو گا۔  جس طرح وسطی والوں نے برادری ازم کے بتوں کو پاش پاش کیا اب میرا فرض ہے کہ میں آپکے کام آپکی دہلیز پر حل کروں، وسطی اور شرقی والوں کا کوئی کام باقی نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرف سے 500 ارب روپے کا پیکج ریاست کی تقدیر بدل دے گا۔ پورے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے ۔ جون سے قبل بلدیاتی الیکشن کروائیں گے اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو بھی ووٹ کا حق دیں گے۔نوجوانوں کو آگے لانا اور مقامی سطح پر اقتدار کی منتقلی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ 

سینئر وزیرکا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا تھا کہ طاہر اقبال حلقے میں رہیں گے  اور وہ آج یہاں موجود ہیں ۔ علمائے کرام سے سیاسی ایڈجسٹمنٹ کا وعدہ تھا، سردار امتیاز صدیقی کی صورت میں وہ وعدہ پورا کیا۔ باغ کے عوام کے مسائل کے لیے کو آرڈی نیشن کمیٹی بنائیں گے ، کسی کو مظفرآباد کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ 

سردار تنویر کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کیلئے عبدالقیوم نیازی  کا نام انہوں نے ہی دیا تھا، سردار عبدالقیوم نیازی کا وزیر اعظم بننا تنویر الیاس کا وزیر اعظم بننا ہے۔پوری پارٹی  وزیر اعظم آزاد کشمیر  کی پشت پر کھڑی ہے۔

جلسہ عام سے وزیر زراعت سردار میر اکبر خان، وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی، ممبر اسمبلی امتیاز نسیم،  سردار منظور ایڈووکیٹ،سردار طاہر اقبال خان ، سردار مرتضی علی،  راجہ شفاعت، احمد صغیر،مولانا امتیاز صدیقی، راجہ ذوالفقار علی، سردار طاہر اکبر خان،سردار سلیم چغتائی، سردار عاشق خان،سردار صداقت حیات خان، سید کامران قلندر، راجہ اشفاق، رشید طاہری،سردار صغیر بیگ،عبدالقدیر شاہ،حاجی افتخار خان،چوہدری تعارف ایڈووکیٹ،شیخ مقصود،نائلہ قلندر، وحید بیگ، راجہ قمرالزمان، راجہ نور خان، مسعود منہاس، راجہ عبدالحفیظ خان اورافتخار لطیف سمیت  دیگر نے خطاب کیا۔

قبل ازیں سنیئر وزیر سردار تنویر الیاس کو حیدری چوک سے کارکنان ایک قافلے کی صورت میں پائلٹ ہائی سکول باغ تک لائے ۔  ریلی حیدری چوک سے شروع ہوئی ۔ تاجران اور شہریوں نے سردار تنویر الیاس اور تحریک انصاف کی قیادت پر پھول نچھاور کیے۔  ریلی میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) اور پی ٹی آئی یوتھ کے نوجوانوں نے سردار تنویر الیاس اور سردار میر اکبر کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔