جنگلی جانوروں وپرندوں کے غیرقانونی شکا ر کیخلاف گرینڈ آپریشن

جنگلی جانوروں وپرندوں کے غیرقانونی شکا ر کیخلاف گرینڈ آپریشن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر) سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب شاہد زمان کی صوبہ میں غیرقانونی شکارکی مکمل بیخ کنی کیلئے دی جانیوالی ہدایات کے پیش نظر محکمہ کا ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت  جنگلی جانوروں وپرندوں کے غیرقانونی شکا ر کیخلاف جاری گرینڈ آپریشن پوری شدت سے جاری ہے اور جس کے نتیجے میں لاہور شہر سمیت صوبہ کے مختلف مقامات سے تیتر، تلیئر، تلور، چڑیوں، کبوتر اور سؤرکے 20غیرقانونی شکاری رنگے ہاتھوں گرفتار۔ تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع اٹک سید عثمان الحسن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کتوں کے ساتھ جنگلی سؤر اور جنگلی کبوتروں کا شکار کرنیوالے سات افراد کو موقع پر گرفتار کرکے انہیں مبلغ ستاسی ہزارروپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع چکوال مرزا عابد  حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تیتر کے پانچ شکار ی گرفتار کرکے انہیں مبلغ ستر ہزار روپے جرمانہ کیا۔ اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع خانیوال میاں منیر احمد نے کبیر والا سے چڑیوں اور تلیئر کے دو شکاری گرفتار کرکے انہیں بیس ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع جہلم عمران احمد نے وائلڈلائف سٹاف کے ہمراہ ائیر گن کیساتھ تیتر کا ناجائز شکار کرنے والے دو شکاریوں کو گرفتار کرکے بذریعہ محکمانہ معاوضہ عدالت بیس ہزار روپے جرمانہ کیااور ائیر گن بحق محکمہ ضبطگی عدالتی فیصلہ پر ضبط کرلی۔ اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع راجن پور نے وائلڈلائف سٹاف روجھان کے ہمراہ نایا ب پرندے تلور کے غیر قانونی شکار میں ملوث ایک شکا ری کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ ایسی ہی ایک دیگر کامیاب کارروائی کے دوران لاہور شہر سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور بابر عمران کی سربراہی میں وائلڈلائف انسپکٹر سیف اللہ اور وائلڈلائف واچر عابد نے ایک چڑی فروش کو گرفتار کرکے مقامی عدالت میں پیش کیا عدالت نے ملزم کو ایک ہزار روپے جرمانہ کرکے پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کروادئیے۔