اردو صحافت سے جڑے افراد کی قربانیاں فراموش نہیں کی جاسکتیں: گورنر پنجاب
لاہور(نمائندہ خصوصی، لیڈی رپورٹر)گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی آ ف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں اردو صحافت کے حوالے سے تین روزہ کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ڈین میڈیا سکول اینڈ کمیونیکیشن ڈاکٹر انجم ضیا، ریکٹر یو ایم ٹی آصف رضا، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی اور سلمان غنی سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ تحریک آزادی اور تحریک پاکستان میں اردو صحافت نے بہت اہم کردار ادا کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ اردو صحافت سے جڑے افراد کی قربانیاں بھلائی نہیں جاسکتیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات کا کام تحقیق کرنا اور تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب میں بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ سنی سنائی بات آگے نہیں پھیلانی چاہیے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ اعلیٰ اخلاق اور حقائق پر مبنی صحافت کو فروغ دیں۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ آج کل کے دور میں سوشل میڈیا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ سوشل میڈیا کے دور میں صحافیوں پر زیادہ بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ خبر ذمہ داری کے ساتھ دیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پورے معاشرے خاص طور پر طلبہ کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت بہت اہمیت کی حامل ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ سچائی میں ہی دائمی کامیابی ہے۔دریں اثنا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملک شرجیل کی قیادت میں ملاقات کرنے والے مسلم لیگ (ن)کے اووسیز پاکستانیوں کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا وقار اور اعزاز ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ خطیر زرمبادلہ کے ذریعے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر وفد کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن)ہالینڈ فیصل منظور، ایگزیکٹو ممبر اکوبا سید وقار شاہ،سید محمد وقاص کینیڈا، راجہ ٹونی صدر لیسٹر یو کے، چوہدری نعیم اور دیگر شامل تھے۔
گورنر پنجاب