سارے فنڈز گجرات کیلئے، باقی صوبہ نظر انداز کیا جا رہا ہے، حسن مرتضیٰ
لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ سارے فنڈزگجرات کودیئے جارہے ہیں اورباقی پورے صوبے کو نظر انداز کیا جارہا ہے،پنجاب میں درجہ چہارم کی نوکریاں بانٹی جا رہی ہیں۔بہت افسوس سے کہنا پڑتا ہے جو لوگ مسلم لیگ ق یا پی ٹی آئی سے نہیں ہے انہیں نوکریاں نہیں دی جارہی، میرے حلقے میں میرٹ پر نوکریاں دے دیں۔ کم از کم یہ سب پیسے بٹورنے میں لگے ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہر ٹاؤن میں اصغر علی بھٹی کے ڈیرے پر پیپلز پارٹی دفتر کے افتتاح کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل،عاطف رفیق چودھری،سونیا خان، یاسر بارا، فہیم ٹھاکر،احسن رضوی،ذیشان شامی اور افراز نقوی بھی موجود تھے۔حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پنجاب میں فنڈز صحیح استعمال نہیں ہورہے۔ان کی ساری پارٹی صرف ایک گھڑی کا دفاع کرنے پرلگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں دفتر کے افتتاح اور یوم تاسیس کی تیاریوں کیلئے حاضر ہوئے ہیں،ہم جہاں بھی جاتے ہیں ہم سے سوال ہوتا تھا کہ پیپلزپارٹی کمزور کیوں ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ سیاست تو تب ہوگی جب ہمارا ملک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک کو آمریت سے بچایا،ہم نے بہت کمزور اکثریت کے ساتھ ہم نے پانچ سال مکمل کیے جس کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان میں سب کو بنیادی حقوق حاصل ہیں۔