راولپنڈی میں تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، زین قریشی

راولپنڈی میں تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، زین قریشی

  

ملتان (نیوز  رپورٹر)  رکن صوبائی اسمبلی و پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ قوم نے عمران خان کی کال پر لبیک کہا ہے۔ اور اب  عمران خان کی کال پر پورا پاکستان تیار ہے۔ راولپنڈی میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سیاسی اجتماع ہوگا۔ جنوبی پنجاب اس اجتماع میں اپنا بھر پور حصہ ڈالے گا۔جنوبی پنجا(بقیہ نمبر32صفحہ6پر)

ب سے عوام کی ایک بہت بڑی تعداداس مارچ میں شریک ہوگی۔25جولائی کی شب لال حویلی خانیوال روڈ سے ضلع ملتان کا قافلہ اور شام کوٹ خانیوال سے جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے قافلے پنڈی کیلئے روانہ ہونگے۔ جس کی قیادت جنوبی پنجاب کے صدر عون عباس بپی مخدومزادہ زین حسین قریشی اور دیگر قائدین کریں گے۔ حقیقی آزادی کا سفر جو 25مئی کو شروع ہوا تھا منزل کی طرف رواں دواں ہے۔ فسطائی حکومت کا جبر تشدد عمران خان پر بزدلانہ حملہ کارواں کو روک نہیں سکا بلکہ ایک نئے جوش جذبہ اور ولولے سے کارواں منزل کی طرف جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر وفود سے ملاقات اور این اے 157میں مختلف مقامات پر استقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی تیسرے روز بھی باب القریش سیکرٹریٹ ملتان میں موجود رہے۔ جہاں این اے 157اور پی پی 217  سے عمائدین نے ملاقات کی۔ انہیں اپنے مسائل بتائے جس کے حل کیلئے انہوں نے متعلقہ حکام سے رابطے کئے۔ انہوں نے کہا ملکی ترقی کا سفر عمران خان کی قیادت میں جاری تھا۔ ملکی معیشت بتدریج مضبوط ہو رہی تھی۔ عمران خان نے قائداعظم کے تصور کے مطابق ایک نئے پاکستان کے قیام کیلئے جدوجہد جاری رکھی ہوئی تھی۔ محدود وسائل کے باوجود عوام کیلئے ریلیف پیکجز اور عوام کی زندگی میں آسانی لانے کیلئے عوام دوست پالیسیاں تسلسل کے ساتھ جاری تھیں۔ لیکن سازشی عناصر کو ملکی ترقی کا سفر پسند نہ آیا۔ ایک سازش کے ذریعے عمران خان کو اقتدار سے الگ کردیا گیا۔ ملکی ترقی کا سفر رک گیا۔ لٹیروں کو ایک بار پھر این آر او دے دیا گیا۔ اقتدار سے آنے کے بعد عمران خان عوام کی عدالت میں آئے۔ عوام نے عمران خان کے بیانیہ پر اعتماد کیا۔ عوام نے عمران خان کی بھر پور پذیرائی کی اور اب قوم نے ایک بار پھر عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا 26تاریخ کو ہمارا قافلہ راولپنڈی پہنچے گا۔ حکومت پر بوکھلاہٹ طاری ہوچکی ہے۔ اسلام آباد کو نو گو ایریا بنا دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے کارکن رکاوٹوں کی پرواہ کئے بغیر اپنے قائد کی کال پر راولپنڈی پہنچیں گے۔ عمران خان کا حقیقی آزادی مارچ کامیابی کی منزل پر پہنچ چکاہے۔ عمران خان کا ایک ہی مطالبہ ہے فوری اور شفاف الیکشن کروائے جائیں۔ ملک اس وقت بحرانوں میں گھر چکا ہے۔ شفاف اور فوری الیکشن ملک کے لئے ناگزیر ہیں۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے فوری الیکشن کروانا ہونگے۔ عوام جس کو مینڈیٹ دیں انہیں اقتدار کی مسند پر بیٹھنا ہوگا۔ عوامی مینڈیٹ کے حامل حکمران ہی ملکی بہتری کیلئے فیصلے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا این اے 157اور پی پی 217 کی عوام سے بھر پور رابطے میں ہیں۔ جب بھی موقع ملا تمام وسائل اور توانائیاں عوام اور حلقے کی ترقی پر صرف کئے۔ ساڑھے تین سال دوران اقتدار این اے 157 میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے۔ ٹاٹے پور میں انٹر چینج جو کہ وہاں کی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا وہ بھی زیر تکمیل ہے۔ جس پر 80کروڑ روپے لاگت آرہی ہے۔ اس کی منظوری کیلئے میں نے خود اس وقت وزیراعظم پاکستان عمران خان سے منظوری کروائی تھی۔ انہوں نے کہا کوشش ہے کہ عوام کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں اور عوام کی زندگی میں آسانیاں لائی جائیں۔ این اے 157 اور پی پی 217 کی عوام نے عزت دی۔ ان کے تمام جائز مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ دونوں حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے خصوصی درخواست کرونگا۔ بعد ازاں مخدومزادہ زین حسین قریشی این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں میں گئے۔ حالیہ فوتگیوں پر فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے حلقوں میں مختلف استقبالیہ تقاریب اور شادی کی تقریبات میں شرکت کی#

مزید :

ملتان صفحہ آخر -