ترکیہ، 6.1شدت کا زلزلہ، 22افراد زخمی،متعدد کی حالت تشویشناک

ترکیہ، 6.1شدت کا زلزلہ، 22افراد زخمی،متعدد کی حالت تشویشناک

  

 انقرہ (آئی این پی) ترکیہ کے شمال مغرب علاقے میں 6.1کی شدت کے زلزلے سے 22افراد زخمی ہوگئے۔ زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ترکیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 5.9 تھی جو 6.1سے کم تھی اور اس کا مرکز صوبے ڈوزے کے ضلع گولیا تھا، تاہم زلزلے کے جھٹکے دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے، جب کہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز استنبول سے 170 کلو میٹر دور اور زمین میں دس کلو میٹر نیچے گہرائی میں تھا۔ ضلع گولیا کی رہائشی فاطمہ کولک نے  بتایا کہ صبح سویرے تیز آواز سے ہماری آنکھ کھلی، خوف زدہ ہوکر ہم گھر سے باہر نکل آئے۔ ترکیہ کی وزیر صحت فرحتین کوکا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ میں 22 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں ایک شخص نے خوف زدہ ہوکر عمارت سے چھلانگ لگا دی تھی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور اس کی حالت تشویش ناک ہے۔  زلزلے کے بعد کئی شہری اپنے گھروں سے باہر نکل کر سڑکوں پر موجود تھے، کئی شہری سردی سے بچنے کے لیے کمبل یا چادر میں لپٹے ہوئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث صوبے ڈوزے میں اسکول بند رہیں گے۔ وزیرداخلہ سلیمان سولیو نے بتایا کہ زلزلے کے باعث چند گودام تباہ ہوئے اس کے علاوہ بھاری نقصان یا عمارت گرنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

زلزلہ

مزید :

صفحہ اول -