بلوچ عوام کیساتھ دیرینہ شراکت داری کے خواہشمند ہیں،ڈونلڈ بلوم
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ابھی مکمل طور سے نہیں ہوسکا، ہر ملک موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے دوچار ہے یہی سبب ہے کہ ہم ایک سبز اتحاد کے قیام کے ذریعہ سے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی استعداد کار میں اضافہ پر کام کر رہے ہیں۔ بلوچ عوام کیساتھ گہرے اور دیرینہ شراکت داری کے خواہشمند ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کا دورہ کے دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امریکی سفیر نے اس موقع پر بلوچستان کے وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات بھی کی۔امریکی سفیر صوبہ میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کام میں مصروف مقامی شراکت داروں، اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نمائندوں، مقامی غیرسرکاری تنظیموں کے رہنماؤں اور افغان پناہ گزینوں سے بھی ملے۔اپنے دورے کے موقع پر سفیر بلَوم نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مختلف شراکت داروں پر مشتمل ایک سبز اتحادکے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر انہوں نے اعلیٰ تعلیم اور خواتین کو با اختیار بنانے کے ذریعہ معاشی ترقی کے فروغ کے لیے امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعاون کی اہمیت کو بھی اْجاگر کیا۔اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کوئٹہ میں سفیر بلَوم نے عوامی شجر کاری مہم میں شرکت کرتے ہوئے ایک پودا بھی لگایا۔
ڈونلڈ بلوم